اسلام آباد (نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے گذشتہ کم و بیش چار سالوں میں طلبہ کی سہولتوں کے اضافے کے لئے گراں قدر اقدامات اٹھائے ہیں، اِن اقدامات کے تسلسل میں گزشتہ روز وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم نے طلبہ کو یونیورسٹی کے گیٹ نمبر 2کے بالکل قریب ایک چھت کے نیچے تمام تر معلومات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لئے ایک جامع' سٹوڈنٹ فیسلیٹیشن سینٹر' قائم کرنے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار، راجہ عمر یونس اور پرنسپل افسران موجود تھے۔زیر تعمیرفیسلیٹیشن سینٹر پر وائس چانسلر کو پریذنٹیشن دیتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر، شریف اللہ نے کہا کہ اس بلڈنگ کا کورڈ ایریا 4600سکوئر فٹ پر مشتمل ہوگا اور یہ عمارت 28.269ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی۔انہوں نے وائس چانسلر کو بتایا کہ اس سینٹر میں 130طلبہ کی بیٹھنے کی گنجائش ہوگی جبکہ کال سینٹر میں 36ورک سٹیشن بنائیں جائیں گے جو طلبہ کے مسائل آن لائن سنیں گے اور حل کرائیں گے۔پراجیکٹ ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ ٹوٹل 12واش رومز بنائیں جائیں گے جس میں 6طلبا کے لئے جبکہ 6طالبات کے لئے ہوں گے۔انہوں نے وائس چانسلر کو یقین دہانی کرائی کہ سینٹر کی تعمیراتی کام اڑھائی ماہ ماہ کے مقررہ وقت میں مکمل ہوجائے گا وائس چانسلر نے یوونیورسٹی کے دونوں حصوں کے درمیان نالے پر رابطہ پل کا افتتاح بھی کردیا اس موقع پر شعبہ زرعی سائنس کے چئیرمین کو فیسلیٹیشن سینٹر اور رابطہ پل کے درمیان پارکنگ ایریا میں چھتری نما اور سایہ دار بڑے پودے لگانے کی ہدایت کردی ،نئے تعمیر شدہ رابطہ پل پر پیدل آتے ہوئے وائس چانسلر نے نالے کے کنارے پڑی بے کار اور ناہموار زمین کو کارآمد بنانے کی بھی ہدایت کردی۔