راولپنڈی(جنرل رپورٹر) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے نائب صدرسیدمظہرعلی شاہ ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ خانوادہ رسالت ؐ سے مودت جزائے نبوت ،دنیا و آخرت میں نجات کی ضمانت ہے، مغربی ثقافت پوری قوت کیساتھ اسلامی اقدار پر حملہ آور ہے ،نئی نسل کو مشاہیر اسلام کی عظمت سے روشناس کرانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ یکم ذوالحجہ کو خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا ؑ اور امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ کے یوم عقدمبارک کی مناسبت سے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مظہر علی شاہ نے باورکرایا کہ لوگ بیٹوں سے نسل آگے بڑھنے کی امید پر محبت کرتے ہیں لیکن کائنات کی افضل ترین ہستی رسول خدا ؐ نے اپنی بیٹی فاطمہ زہر اؑ کو اپنی نسل کا ذریعہ قرار دے کرزمانے کے قانون اور قدروں کو بدل ڈالا،سید مظہر علی شاہ نے کہا کہ نئی نسل کو اسلامی مشاہیر کی سیرت و کردار کی پیروی کیلئے معاشرے کے دیدہ وروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جس کیلئے حکومت اور میڈیا تنظیمیںمل کر حکمت عملی مرتب کریں تاکہ شیطانی ثقافتی یلغار کا مقابلہ کیا جاسکے ۔تقریب سے پروفیسر ثمر الحسن نقوی ، ذوالفقار راجہ ، مولانا فخر عابدی ،علی نقی قوی اور جواد اعوان نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے شرکاء نے ایک قرارداد کے ذریعے بھارت میں توہین رسالت اورحضرت سکینہ بنت الحسین ؑ کی شان میں کرم ایجنسی کے بدبخت سلطان گل کے گستاخانہ ویڈیو بیان کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اسے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔
نئی نسل کو مشاہیر اسلام کی عظمت سے روشناس کرا نے کی ضرروت ہے، مظہر شاہ
Jul 02, 2022