سیاسی بنیادوں پر تحلیل 91مارکیٹ کمیٹیاں ہائی کورٹ کے حکم پربحال 


رحیم یار خان(بیورو رپورٹ) لاہور ہائی کورٹ نے سیاسی بنیادوں پر تحلیل کی گئیں رحیم یار خان اور صادق آباد سمیت پنجاب بھر کی 91 مارکیٹ کمیٹیاں بحال کر دیں ۔تفصیلات کے مطابق  چیئرمین پنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے مختلف الزامات عائد کر کے آٹھ جون کو رحیم یار خان اور صادق آباد سمیت پنجاب کی117میں سے91مارکیٹ کمیٹیوں کو پیمرا ایکٹ2018ء کے سیکشن 15 B (11)کے تحت تحلیل کر کے محکمہ زراعت کے آفیسرز کو ان مارکیٹ کمیٹیوں  کے ایڈمنسٹریٹر تعینات کر دیا تھا  جس پر مارکیٹ کمیٹی صادق آباد کے چیئرمین چوہدری عامر تقی سمیت تحلیل ہونے والی مختلف مارکیٹ  کمیٹیوں کے چیئرمینوں نے لاہور ہائی کورٹ لاہور بنچ میں ایک رٹ دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پنجاب کی117میں سے 91مارکیٹ کمیٹیوں کو سیاسی بنیادوں پر تحلیل کیا گیا ہے  جبکہ چیئرمین پیمرا کی جانب سے لگائے گئے الزامات میں کوئی صداقت نہیں جس پر لاہور کورٹ کے جج  جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے انکے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے تحلیل ہونے والی تمام 91مارکیٹ کمیٹیوں کو بحال کر دیا ۔چیئرمین مارکیٹ کمیٹی صادق آباد  چوہدری عامر تقی نے گزشتہ روز ’’ نوائے وقت‘‘ کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے ان مارکیٹ کمیٹیوں کو سیاسی طور پر تحلیل کیا تھا تاکہ اپنے من پسند چیئرمین مقرر کئے جا سکیں ۔  سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی پنجاب بھر کی مارکیٹ کمیٹیاں تحلیل کر دیں تھیں تب بھی لاہور ہائی کورٹ نے یہ مارکیٹ کمیٹیاں بحال کیں تھیں۔

ای پیپر دی نیشن