اسلام آباد (نامہ نگار) نیشنل ہائی وے کونسل کا 37 واں اجلاس وفاقی وزیر مواصلات وپوسٹل سروسز اسعد محمود کی زیر صدارت وزارت مواصلات کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا،جس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات و چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد خرم آغا سمیت دیگر ممبرز اوراعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جملہ مالی و انتظامی امور پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔اجلاس میں این ایچ اے کے ملازمین کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر غوروخوض کیا گیا۔اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ جس طرح دیگرمحکموں کے سرکاری ملازمین کو وزارت ہاؤسنگ مکانات الاٹ کرتی ہے،این ایچ اے کے ملازمین کا بھی اس میں کوٹہ مختص ہونا چاہیئے۔این ایچ اے کے ملازمین کی تقرریوں،ترقی اور ریکروٹمنٹ کے قوانین اور قواعد و ضوابط کے حوالہ سے بھی گفتگو ہوئی اور ان کی قوانین کو رولز 1995 ئ کے تناظر میں دیکھا گیا۔این ایچ اے کے تعمیراتی منصوبوں اور ان کی تعمیر وتوسیع کے حوالہ سے بھی اہم امور زیر بحث آئے۔اجلاس کے شرکائ سے اپنے خطاب میں وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے کہا کہ نیشنل ہائی وے کونسل بلاشبہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ایک سپریم باڈی ہے،جس میں اہم ترین امور پر بات چیت کی جاتی ہے۔وہ توقع رکھتے ہیں کہ یہ کونسل این ایچ اے کے جملہ امور میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے مسائل کے فوری حل کیلئے حسب سابق اپنا فعال اور متحرک کردار جاری رکھے گا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اگر مسائل پر بروقت قابو پاکر امور ادارہ خوش اسلوبی سے نمٹا دیئے جائیں تو ادارے کی تعمیر و ترقی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ این ایچ اے موٹرویز اور قومی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کے حوالہ سے عالمی شہرت رکھتا ہے،اس لئے کارکردگی کو مزید بہتر بنانا اور جاری تعمیراتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
اسعد محمود
این ایچ اے ملازمین کا بھی مکان کی الاٹمنٹ میں کوٹہ ہونا چاہیئے:اسعد محمود
Jul 02, 2022