لاہور (نوائے وقت رپورٹ ) ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی گئی، نماز عید کی ادائیگی کے بعد فرزندان اسلام نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانور قربان کیے۔ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید کی نماز کے اجتماعات منعقد کئے گئے، نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔قائم مقام صدر و چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں نماز عید ادا کی، سابق صدر آصف علی زرداری نے عیدالاضحیٰ کی نماز زرداری ہاؤس نوابشاہ میں ادا کی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں نماز عید ادا کی۔گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے گورنر ہاؤس میں نماز عید ادا کی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ایبٹ آباد میں نماز عید ادا کی۔حکومتی اتحاد ( پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے آبائی گاؤں عبد الخیل (ڈیرہ اسماعیل خان) میں نمازِ عید ادا کی، امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے منصورہ میں نماز عید پڑھائی۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جناح گراؤنڈ (پولو گراؤنڈ) میں عید کی نماز ادا کی۔اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ہونے والے نماز عید کے اجتماع میں وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ ، سفارتکاروں اور شہریوں نے شرکت کی۔
ملک بھر میں عیدالاضحی جوش و خروش سے منائی گئی
Jul 02, 2023