سیالکوٹ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) وزیر دفاع خواجہ آصف کی سیالکوٹ کی نہر میں چھلانگ لگانے اور تیراکی کی ویڈیو سامنے آ گئی۔ وزیر دفاع عید کی چھٹی پر گرمی کا احساس کم کرنے اور تیراکی کیلئے سیالکوٹ کی موترہ نہر پہنچے۔ انہوں نے عام لوگوں کے ساتھ نہر کے پل پر چڑھ کر پانی میں چھلانگ لگائی اور تیراکی بھی کی۔دیوار سیالکوٹ کو نشان حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے پاک فوج کے بہادر شہداء سے منسوب کر دیا گیا۔ دیوار سیالکوٹ پر نشان حیدر حاصل کرنے، چوک علامہ اقبال تعمیر کی جانے والی یادگار شہداء کی تصاویر کے ساتھ جنگی محاذ پر جہاں انہوں سے جام شہادت نوش کیا تھا اس کی نہایت خوبصورتی اور مہارت سے منظر کشی کی گئی ہے۔ دیوار سیالکوٹ کا افتتاح وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کیا۔ اس موقع ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عدنان محمود اعوان، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ محمد اقبال، سابق میئر توحید اختر کے علاوہ کثیر تعداد میں شرکت کی۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ شہداء ملک و قوم کی بقاء اور سلامتی کے ضامن ہیں۔ زندہ قومیں اپنے شہداء کی یادگاروں کا احترام اور حفاظت کرتیں ہیں اور جو قومیں اپنے شہیدوں کو فراموش کر دیں ان کی بقاء کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیوار سیالکوٹ کو نشان حیدر حاصل کرنے والے شہداء سے منسوب کرنے کا مقصد نئی نسل کو قوم کے محسنوں سے روشناس کروانا ہے اور شہداء اور ان کے لواحقین کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔
خواجہ آصف کی نہر میں تیراکی، دیوار سیالکوٹ نشان حیدر حاصل کرنے والے شہداء سے منسوب
Jul 02, 2023