مساجد، کھلے اجتماعات، عید گاہوں پراضافی نفری تعینات رہی:سی ٹی او

Jul 02, 2023

لاہور(نامہ نگار)سی ٹی او لاہور مستنصر فیروزنے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقعہ پر شہریوں کی سہولت اور آسانی کیلئے مساجد، کھلے اجتماعات، عید گاہوں پر ڈیوٹی تعینات رہی، شہر میں چھوٹے بڑے تمام تفریح و تاریخی مقامات چڑیا گھر، باغ جناح، گریٹر اقبال پارک، جلو پارک، ماڈل ٹاؤن پارک سمیت متعدد پارکوں جبکہ مصروف اور اہم شاہراہوں پر واقعہ قبرستانوں کے گردونواح میں اضافی نفری تعینات رہی۔ ٹریفک پلان کے مطابق ایس پی سٹی آصف صدیق اور ایس پی شہزاد خان کی نگرانی میں 11 ڈی ایس پیز،  133 انسپکٹرز، 2 ہزار 4 سو سے زائد اہلکاروں نے فرائض سرانجام دئیے۔ عیدالاضحیٰ کے ایام میں بھی ٹریفک وارڈنز معمول کے مطابق ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے، چاند رات کے موقع پر 70 سے زائد بازاروں اور مارکیٹوں کیلئے جامع ٹریفک پلان مرتب کیا گیا تھا، تمام فوک لفٹرز اور بریک ڈاؤن شہریوں کی مدد اور راہنمائی کیلئے سڑکوں پر موجود رہے۔ اوورچارجنگ اور اوور لوڈنگ کیلئے زیروٹالرنس پالیسی اپنائی گئی جس کیلئے شہر کے 10 سے زائد بس اڈوں پر 84 وارڈنز تعینات کئے گئے جو اوورچارجنگ اور اوور لوڈنگ کیخلاف کارروائی کررہے ہیں ۔ مویشی منڈیوں کے گردونواح میں 400 سے زائد وارڈنز تعینات نے تین شفٹوں میں فرائض سرانجام دئیے، عیدالاضحیٰ پر شہر کو حادثات سے پاک رکھنے کیلئے ون ویلرز اور ہلڑبازی روکنے کیلئے مصروف شاہراہوں پر 110 پٹرولنگ آفیسرز بھی تعینات رہے جبکہ تیزرفتاری اور ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے سیف سٹی سے بھی مدد لی جاتی رہی۔ شہریوں کو عیدالاضحیٰ کے ایام میں ٹریفک کو کوئی مسئلہ نہیں ہوا، راستہ ایپ، راستہ ایف ایم اور ہیلپ لائن 15 پر ہمہ وقت شہریوں کی مدد اور راہنمائی کو یقینی بنایا جاتا رہا۔

مزیدخبریں