پاکستان‘ بھارت ٹاکرا،احمدآباد میں ہوٹلوں کے کرائے 10گنا بڑھ گئے

Jul 02, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور بھارت کے تاریخی مقابلے سے قبل احمد آباد میں ہوٹلوں کے کرائے آسمان کو چھونے لگے۔بھارتی میڈیاکے مطابق ابھی تک ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کی تصدیق نہیں ہوئی تاہم جیسے ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس بات کی تصدیق کی کہ گرین شرٹس احمدآباد میں روایتی حریف بھارت کے مدِ مقابل ہوں گے تو فورا ہی بھارتی شہر احمد آباد میں ہوٹلوں کے کرائے آسمان کو چھونے لگے۔ کرکٹ ورلڈ کپ کے سب سے زیادہ مقبول میچ کو دیکھنے کی بے مثال مانگ نے ہوٹلوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔ احمد آباد میں ہوٹلوں کے کرائے تقریبا دس گنا تک بڑھ گئے ہیں، بہت سے ہوٹل تو میچ کے شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد پہلے ہی دن بک ہو گئے تھے اور کچھ ہوٹل بکنگ کیلئے ایک اکھ بھارتی روپے کے قریب رقم بھی وصول کر رہے ہیں۔ البتہ، عام دنوں میں احمد آباد میں ہوٹل کے ایک کمرے کی بکنگ کے لیے تقریبا 5000 سے 8000 بھارتی روپے وصول کیے جاتے ہیں۔یاد رہے کہ آخری بار پاکستان اور بھارت کا سامنا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ میں گزشتہ سال میلبورن کرکٹ گرانڈ میں ہوا تھا جہاں 90 ہزار سے زائد لوگ مقابلہ دیکھنے کیلئے سٹیڈیم میں موجود تھے۔واضح رہے کہ اب توقع ہے کہ روایتی حریف 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گے۔

مزیدخبریں