سیٹیں ملنے کی امید، جانے والوں کی پارٹی میں واپسی کا فیصلہ خان صاحب کریں گے: بیرسٹر گوہر 

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ہم پرامید ہیں یہ سیٹیں ہمیں ملیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد امیدواروں کو  نکالیں تو سیٹیں کس تناسب سے ملیں گی اور اگر ان کو شامل کیا جائے تو سیٹیں کیسے ملیں گی؟ جیسا کیس چل رہا ہے اور جیسے آبزرویشنز ججز نے دی ہیں ہمیں امید ہے کہ سیٹیں ہمیں ہی ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ78 سیٹیں ہیں جس میں 67 خواتین اور10 غیر مسلم کی نشستیں ہیں، یہ سیٹیں الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کے بلے کے امیدوار سنی اتحاد کونسل کے لیے رکھی تھیں، کمشن نے ہمیں اس پوائنٹ پر یہ دینے سے منع کر دیا تھا کہ سنی اتحاد نے الیکشن نہیں لڑا اور لسٹ نہیں دی تو لہٰذا ان کو سیٹیں نہیں ملیں گی۔ آرٹیکل 51  اور 106 بڑا واضح ہے کہ جس پارٹی کو ووٹ ملے ہوں آئین کی روح کا تقاضا یہی ہے کہ سیٹیں ان کو ملیں، ہم نے کاغذات نامزدگی میں ڈیکلیریشن اور لسٹیں فائل کی تھیں، سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے استعفی دیا ہے، کل خان صاحب سے ملاقات ہو گی اس معاملے پر، اس کے علاوہ پارلیمانی پارٹی نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ اس استعفے کو منظور نہ کیا جائے۔ کل عمران خان سے بھی اس حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔ مولانا فضل الرحمن کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حامد رضا صاحب نے کہا تھا کہ جو پی ٹی آئی کا فیصلہ ہو گا وہ مجھے منظور ہے، تو مولانا اور سنی اتحاد کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ مایوسی گناہ ہے، یہی عدلیہ ہے انہی کا فیصلہ ہونا ہے۔70  فیصد لوگ اس وقت پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، فواد چوہدری سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جو ٹالک شو پر آنا چاہتے ہیں آئیں، لیکن جو لوگ پی ٹی آئی سے جا چکے یا جنہوں نے ان سے دوریاں اختیار کی ان کے پارٹی میں واپسی کا فیصلہ خان صاحب کریں گے۔ اگر عمران خان کسی کو آنکھوں پر بٹھائیں گے تو ہم بھی اسے قبول کریں گے، وہ جیسی ہدایت دیں گے ویسا کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن