ہدف سے زائد محصولات جمع : ایف بی آر کی تعریف‘ ڈیجٹیلائزیشن کی حمایت کریں گے‘ وزیر خزانہ 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات محمد اورنگزیب نے  ایف بی آر کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ریونیو ڈویژن حکومت کے مالیاتی مقاصد کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔  انہوں نے یہ بات پیر کو ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے دوران کہی۔ وزیر خزانہ نے  چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور بورڈ کے ممبران کے ساتھ ملاقات بھی کی۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک نے بھی لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے گذشتہ مالی سال کے دوران ہدف سے زائد9311 ارب روپے کے محصولات جمع کرنے کی مثالی کارکردگی پر ٹیم ایف بی آر کی تعریف کی اور انہیں مبارکباد دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک نے کہا کہ مشکلات کے باوجود محصولات کے سالانہ ہدف کو عبور کرنے پر ایف بی آر  کی ٹیم کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے ایف بی آر کی بہترین کارکردگی کو سراہا اور کیک بھی کاٹا۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ محصولات کی وصولی، ڈیجیٹلائزیشن او ر معیشت کو دستاویزی شکل دینے کے لئے ایف بی آر کے اقدامات کی بھرپور حمایت کی جائے گی۔ دریں اثناء سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی میں پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ذوہیب خان کر رہے تھے۔  ملاقات میں آئی ٹی کی صنعت میں چیلنجوں، امکانات، مواقع اور اس شعبہ سے متعلق مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن