خیبر پی کے  : چوکی پر حملہ ناکام، 2اہلکار شہید 2کارروائیوں میں 2کمانڈروں سمیت 99دہشتگرد ہلاک  

اسلام آباد‘ پشاور (خبر نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) خیبرپی کے کے علاقے تختہ بیگ چوکی پر دہشت گردوں کا راکٹ لانچرز اور بھاری ہتھیاروں سے حملے کو خیبر پولیس نے ناکام بنا دیا۔ خیبر پولیس کے بہادر اور شیر دل جوانوں نے دہشت گردوں کے حملے کا بھرپور جواب دیتے ہوئے انہیں فرار ہونے پر مجبور کردیا۔ خیبر حملے میں روڈ پر مشترکہ ناکہ بندی پر موجود ایک پولیس اور ایک ایف سی اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق خیبر پولیس نے جوان مردی اور بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے حملہ کو پسپا کردیا۔ دہشت گرد رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز نے دو کارروائیوں میں 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ آئی ایس پی آر  کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یکم جولائی 2024 کو صوبہ خیبر پی کے کے علاقوں تیراہ اور لکی مروت میں سکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ آپریشنز کئے‘ پہلا انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن وادی تیراہ کے ضلع خیبر میں کیا گیا جہاں سکیورٹی فورسز نے انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر نجیب عرف عبدالرحمن اور دہشت گرد کمانڈر اشفاق عرف معاویہ سمیت  7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ مارے گئے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ ضلع لکی مروت میں کیے گئے ایک اور آپریشن میں جوانوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس میں مزید دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے صفائی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں کیونکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تختہ بیگ ضلع خیبر میں دہشتگردی کی کوشش ناکام بنانے پر پولیس اہلکار اعجاز، فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار شہزاد کی جرات اور بہادری کو سراہتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پاکستان میں  امن کیلئے لازوال قربانیاں ہیں، پاکستانی قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔  انہوں  نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے کیلئے متحد ہے۔

ای پیپر دی نیشن