مشکل وقت میں راہیں جدا کرنیوالے قابل قبول نہیں ،کور کمیٹی پی ٹی آئی 

اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے )کور کمیٹی پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب خان نے کٹھن اور آزمائشی حالات کے دوران پارٹی کیلئے قابل تحسین خدمات انجام دیں بطورسیکرٹری جنرل پارٹی عہدے سے اپنا استعفٰی واپس لینے کی درخواست کی ہے۔پی ٹی آئی کور کمیٹی نے پیر کو ہونے والے اپنے اہم اجلاس میں پارٹی کی پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے اور پارٹی کی صفوں میں مزید نظم و ضبط لانے کے حوالے سے مختلف قراردادیں منظور کیں قرارداد میں کور کمیٹی کی جانب سے نہایت حساس اور اہم ترین موڑ پر پارٹی سے راہیں جدا کرنے والے افراد کی بھی  شدید مذمت کی گئی۔کور کمیٹی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پارٹی چھوڑ جانے والوں کے پاس باہر بیٹھ کر پارٹی معاملات پر تبصرہ آرائی کرنے کا کوئی اخلاقی جواز یا اختیار نہیں۔قرارداد میں کہا گیا کہ پارٹی کا ایسے تمام افراد سے کوئی سروکار ہے نہ ہی ان کے بیانات کسی طور پارٹی معاملات پر اثرانداز ہو سکتے ہیں ، مشکل وقت میں راہیں جدا کرنے والے لوگ پارٹی کیلئے پھر سے کبھی قابلِ قبول نہیں ہوں گے انہوں نے مزید کہا کہ وہ تمام افراد جنہیں اپنے کیے پر افسوس ہے ان کے متعلق فیصلہ تاحیات اور بانی چئیرمین عمران خان کی صوابدید ہے کور کمیٹی ممبران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی اس امر کی توثیق کرتی ہے کہ ہر حال میں پارٹی صفوں میں سخت نظم و ضبط کا نفاذ کیا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے تمام معاملات سے فوری طور پر نہایت سختی سے نمٹا جائے گا قرارداد میں واضح کیا گیا کہ پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والوںکو بنیادی رکنیت کی معطلی سمیت دیگر تادیبی اقدامات کا سامنا کرنا ہو گا۔نیٹ نیوز کے مطابق  پی ٹی آئی کور کمیٹی نے شیرافضل مروت اور شاندانہ گلزار کی کور کمیٹی رکنیت ایک ماہ کیلئے معطل کردی۔ذرائع کے مطابق شیرافضل مروت اور شاندانہ گلزار کی مسلسل ڈسپلن کی خلاف ورزی پر رکنیت معطل کی گئی، پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں متعدد قراردادیں منظور کی گئیں، پی ٹی آئی کور کمیٹی میں موجودہ قیادت پر مکمل اعتماد کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن