مقبوضہ کشمیر : قابض بھارتی فوج نے آپریشنز کے دوران جون میں 12کشمیری شہید کئے

Jul 02, 2024

 سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجی آپریشنز کے دوران جون 2024میں 12 کشمیری شہید ہو گئے ۔ ان میں سے پانچ نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں یادوران حراست شہید کیا گیا۔ ایک ماہ کے دوران بھارتی فوج  اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے پرامن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں کم از کم چھبیس افراد زخمی ہوئے جبکہ محاصرے اورتلاشی کی196کارروائیوں کے دوران پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام جیسے کالے قوانین کے تحت نوجوانوں اورسیاسی کارکنوں سمیت570 شہریوں کوگرفتارکیاگیا جن میں ممتاز وکیل اور کشمیر بار ایسوسی ایشن کے سابق سربراہ میاں عبدالقیوم بھی شامل ہیں۔مودی حکومت نے کشمیریوں کو سرینگر کی تاریخی جامع مسجد اور عیدگاہ میں عیدالاضحی کی نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔فوجیوں نے دو گھروں کو بھی تباہ کیاجبکہ ایک خاتون کی بے حرمتی کی گئی۔دریں اثنا  کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیاں ایک نیا معمول بن چکاہے۔ جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کشمیریوں کی سیاسی جدوجہد اورآزادی کے مطالبے کو دبانے کے لیے ظالمانہ اقدامات کر رہی ہے۔ کشمیریوں کو ہندوتوا کے تسلط سے بچانے کے لیے فوری بین الاقوامی توجہ کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں