لاہور(نامہ نگار)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی پروگرام سے وابستہ خواتین سے بد تمیزی اور کٹوتی کرنیوالوں کیلئے زیرو ٹالرینس ہے۔مستحقین کو عزت کیساتھ پوری رقم ملنی چاہئیے۔8171 سے آنیوالا میسج ہی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے آتا ہے۔مالیاتی جرائم کو اس طریقے سے کم کر سکتے ہیں۔080026477 پر سٹاف سے متعلق شکایات درج کرائی جا سکتی ہیں۔وہ پیپلز سیکرٹیریٹ ماڈل ٹاؤن میں پنجاب کے ارکان صوبائی اسمبلی،پنجاب ایگزیکٹو پیپلز پارٹی ویمن ونگ پنجاب اور نوٹیبلز سے ملاقات کے بعد رانا جواد،میاں ایوب، احسن رضوی،نرگس فیض ملک، فائزہ ملک اورچودھری اختر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے وضاحت کی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگی میں ملازمین کا کوئی عمل دخل نہیں۔