لاہور(سپورٹس رپورٹر ) اسپرنٹر فائقہ ریاض پیرس اولمپکس کیلئے کیمپ اور ذاتی کوچ کی عدم دستیابی پر اکیلے ٹریننگ پر مجبور ہوگئیں۔ فائقہ ریاض وائلڈ کارڈ پر پیرس اولمپکس میں شرکت کریں گی لیکن پاکستان سپورٹس بورڈ یا فیڈریشن کی جانب سے کوئی کیمپ نہیں لگایا گیا ہے ، نہ ہی ٹریننگ کیلئے اسپرنٹر کو ذاتی کوچ کی سہولت میسر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسپرنٹرفائقہ ریاض ان دنوں پنجاب سٹیڈیم میں شام کے سیشن میں 2 گھنٹے تن تنہا ٹریننگ کرتی ہیں۔ دوسری جانب جیولین تھرو ر ارشد ندیم نے اولمپکس کیلئے کوالیفائی کیا ہوا ہے اور ان کے ہمراہ سلمان اقبال بٹ کوچ ہیں۔ تاہم فائقہ ریاض نہ تو کسی کیمپ میں شریک ہیں اور نہ ہی انہیں ساہیوال سے تعلق رکھنے والے ذاتی کوچ کی سہولت میسر ہے۔ اس حوالے سے پی او اے کا کہنا ہے کہ ڈیپارٹمنٹ واپڈا کو کوچ مہیا کرنے کا کہا ہے۔ سیمی رضوی کوچ ہوں گی جبکہ طبی معاملے کیلئے ڈاکٹر میثاق رضوی کو ذمہ داری دی ہے۔ ادھر اسپرنٹر فائقہ ریاض نے کہا خوشی ہے کہ اللہ پاک نے اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا موقع دیا لیکن ذاتی کوچ کی سہولت میسر نہ ہونے پر مایوس ہوں، اولمپکس کیلئے ٹریننگ کر رہی ہوں۔