بحر ا  حمر میں حوثیوں کی تین ڈرون کشتیاں تباہ کر دیں ، امریکی فوج

واشنگٹن(این این آئی)امریکی فوج کی مرکزی کمان نے کہا ہے کہ اس نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران میں بحر احمر میں یمنی حوثی ملیشیا کی تین ڈرون کشتیاں تباہ کر دیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کمان نے ایک بیان میں کہاکہ امریکی فوج نے یہ کارروائی اپنے دفاع کے ضمن میں کی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ (ڈرون)کشتیاں علاقے میں امریکی افواج ، اتحادی افواج اور تجارتی بحری جہازوں کے لیے خطرہ ہیں۔حوثی ملیشیا گذشتہ برس نومبر کے بعد سے 150 سے زیادہ تجارتی جہازوں پر حملے کر چکی ہے۔ ملیشیا کا دعوی تھا کہ یہ جہاز اسرائیل جا رہے تھے۔ حوثیوں نے غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں کے خلاف موقف اختیار کرتے ہوئے دھمکی بھی دی کہ وہ اپنے حملے کا دائرہ بحر الکائل تک وسیع کر دیں گے۔اس کے نتیجے میں تجارتی کمپنیاں زیادہ طویل راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہو گئیں جس سے ان کے اخراجات میں بھی اضافہ ہو گیا۔حوثیوں کے حملوں میں اضافے نے یہ اندیشے بڑھا دئیے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے نتیجے میں مشرق وسطی عدم استحکام سے دوچار ہو جائے گا۔ادھر امریکی لڑاکا طیاروں نے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر درجنوں حملے کیے۔ اس دوران میں بحری مال بردار جہازوں کی جانب بھیجے گئے متعدد میزائل اور ڈرون طیاروں کا راستہ روک دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن