لاہور (خبر نگار) بجلی سستی کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست گزار کے وکیل احمد عبداللہ نے موقف اپنایا کہ دن بدن بجلی کی بڑھتی قیمتوں سے غریب آدمی کا جینا محال ہو چکا ہے۔ بجلی کے بھاری بل ادا نہ ہونے پر مساجد کو تالے لگ گئے ہیں، بجلی بلوں میں ایک یونٹ کے فرق پر ہزاروں روپے اضافہ غیر قانونی ہے، بجلی بلوں میں بھاری اضافے نے عوام گھر کا سامان بیچنے پر مجبور ہو گئے۔ حکومت نے غیر قانونی طور پر بجلی بلوں میں فکس ٹیکس نافذ کیا، استدعا ہے کہ عدالت بجلی بلوں میں اضافی چارجز کی وصولی کالعدم قرار دے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لٹر اضافے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی، جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر کمی ہوئی۔ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں قانونی جوازکے بغیر اضافہ کر دیا ہے۔ حکومت کا اقدام آئین کی بنیادی حقوق کے خلاف ہے، مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا، استدعا ہے کہ عدالت پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔