یمن میں حوثی ملیشیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے چار عسکری کارروائیوں میں امریکا، برطانیہ اور اسرائیل کے زیر انتظام چار مال بردار بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ کارروائیاں بحیرہ احمر، بحیرہ عرب، بحیرہ روم اور بحر ہند میں کی گئیں حوثیوں کے ترجمان یحیی سریع کے مطابق پہلی کارروائی میں بحیرہ عرب میں اسرائیلی جہاز یونیفک کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ دوسری کارروائی میں بحیرہ احمر میں امریکی تیل بردار جہاز ڈیلونکس پر حملہ کیا گیا۔ تیسری کارروائی میں بحر ہند میں برطانوی جہاز اینول پوائنٹ کو براہ راست نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ چوتھی کارروائی میں بحیرہ روم میں امریکی جہاز لکی سلور پر متعدد میزائل داغے گئے۔حوثی ملیشیا گذشتہ برس نومبر کے بعد سے 150 سے زیادہ تجارتی جہازوں پر حملے کر چکی ہے۔ ملیشیا کا دعویٰ تھا کہ یہ جہاز اسرائیل جا رہے تھے۔ حوثیوں نے غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں کے خلاف موقف اختیار کرتے ہوئے دھمکی بھی دی کہ وہ اپنے حملے کا دائرہ بحر الکائل تک وسیع کر دیں گے. اس کے نتیجے میں تجارتی کمپنیاں زیادہ طویل راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہو گئیں جس سے ان کے اخراجات میں بھی اضافہ ہو گیا۔حوثیوں کے حملوں میں اضافے نے یہ اندیشے بڑھا دیے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ عدم استحکام سے دوچار ہو جائے گا۔