سفاک بیٹے کا جائیداد کیلئے باپ پر تشدد، ملزم گرفتار

Jul 02, 2024 | 14:56

 سفاک بیٹے نے جائیداد کیلئے باپ کو تشدد کا نشانہ بناڈالا،جائیداد کی لالچ نے بیٹے کو اندھا کردیا،باپ کی شکایت پر تشدد کرنے والے جوان بیٹے کو پولیس نے گرفتار کرلیا،اسلحہ بھی برآمدکر لیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سچل میں جائیداد کیلئے باپ پر تشدد اور ہراساں کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا، بیٹے کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنانے پر والد نے سوشل میڈیا پر پولیس سے مدد کی اپیل کی تھی۔ پولیس نے والد کی شکایت پر نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔پولیس نے کہا کہ گرفتار ملزم پراپرٹی کا کاروبار کرتا ہے، ملزم والد کو جائیداد فروخت کرکے پیسے دینے کو کہتا تھا۔بتایاگیاہے کہ بیٹا نشے کا عادی ہے اس نے ماضی میں اپنی والدہ پر بھی تشدد کیا جس سے وہ ہلاک ہوگئی۔بیٹے کے باپ جاوید نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کا چھوٹا بیٹا جائیداد میں اپنا حصہ لینے کےلئے آبائی گھر فروخت کرانا چاہتا ہے اور انکار پر اپنے بدمعاش دوستوں کو لے آیا اور اسے اور اپنے بڑے بھائی کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔اس حوالے سے ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ جاوید نامی شہری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پرہم نے ویڈیو پر کارروائی کرتے ہوئے بیٹے حسان کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملزم بیٹے کے خلاف والد کی مدعیت میں تھانہ سچل میں مقدمہ درج ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ والد پر بیٹے کے تشدد کا واقعہ 10 جون کو پیش آیا تھا۔یاد رہے کہ چند روزقبل شقی القلب باپ نے بیوی سے جھگڑے کے دوران اپنے تین سالہ بیٹے پر ڈنڈوں سے وحشیانہ تشدد کرتے ہوئے اپنے بچے کوشدید زخمی کردیاتھابعدازاں پولیس نے والد کو گرفتار کرلیاتھا۔ پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے سبزہ زار میں والدین کے باہمی جھگڑے میں حبیب الرحمٰن نے اپنے تین سالہ بیٹے ارش ارمان کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے ڈنڈوں مار مار کر شدید زخمی کردیا تھا۔معصوم بچے کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھاجبکہ پولیس نے درندہ صفت باپ کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیاتھا۔ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے بچے کو ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ بچے کے جسم پر دانتوں سے کاٹے جانے کے نشانات بھی موجود تھے۔ملزم حبیب الرحمٰن نے اپنے بیان میں کہا تھاکہ بچے پر جب پیار آتا تھا تو اس کے جسم پر دانتوں سے کاٹتا تھا۔

مزیدخبریں