’میں ہر لمحے کو محسوس کر رہا تھا‘، روہت شرما نے ورلڈکپ جیتنے کے بعد پچ کی مٹی کھانے کی وجہ بتا دی

Jul 02, 2024 | 15:19

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے باربڈوس کی پچ کی مٹی چکھنے کی وجہ بتا دی۔ بھارت کے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ جیتنے کے بعد ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے بارباڈوس پچ کی مٹی کو چکّھا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما نے بارباڈوس کی پچ کی مٹی چکھنے کے اپنے عمل سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پچ نے مجھے ورلڈکپ ٹرافی اٹھانے میں مدد کی اور میں اس کا ایک ٹکڑا اپنے ساتھ رکھنا چاہتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب اسکرپٹڈ نہیں تھا، یہ بس ہو گیا، میں ہر لمحے کو محسوس کررہا تھا، میں اپنی زندگی میں اس پچ اور گراؤنڈ کو ہمیشہ یاد رکھوں گا جس میں ہم نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتا۔ روہت شرما کا کہنا ہے کہ آپ جانتے ہیں جب میں پچ پر گیا تھا تو میں اس لمحے کو محسوس کر رہا تھا کیونکہ اس پچ نے ہمیں یہ ٹرافی دی ہے، وہ لمحات بہت خاص تھے، یہ وہ جگہ تھی جہاں ہمارے سارے خواب پورے ہوئے، میں وہاں سے اپنے ساتھ کچھ لے کر جانا چاہتا تھا، اسی وجہ سے میں نے اس پچ کو چکھا تھا۔سوشل میڈیا پر بحث جاری تھی کہ روہت شرما نے ٹینس سٹار نواک جوکووچ کی طرح گھاس کھائی ہے، نواک جوکووچ نے ومبلڈن میں کامیابی پر سینٹر کورٹ کی گھاس کھائی تھی۔ واضح رہے کہ 29 جون کو بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 7 رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیت لیا تھا۔

مزیدخبریں