امارات میں مخصوص ملازمتوں کے ورک پرمٹ قوانین میں سختی

 خلیجی ملک متحدہ عرب امارات نے غیرملکیوں کے لیے مخصوص ملازمتوں کے ورک پرمٹ قوانین میں سختی کردی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق انسانی وسائل اور امارات کی وزارت کا کہنا ہے کہ کسی بھی ایسے شخص پر جرمانہ عائد کیا جائے گا جو بغیر ورک پرمٹ اور متحدہ عرب امارات کے رہائشی ویزے کے بغیر گھریلو ملازمین کو ملازمت دیتا ہے، یہ جرمانہ کم از کم 50 ہزار درہم اور زیادہ سے زیادہ 2 لاکھ درہم ہوسکتا ہے، اس کا اطلاق ان افراد پر بھی ہوگا جو گھریلو ملازمین کے لیے جاری شدہ ورک پرمٹ کو دوسرے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایک بار جب آپ نے اپنی گھریلوم ملازمہ کی طرف سے پیش کردہ خدمات کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، تو آپ کو اس کا ورک پرمٹ منسوخ کرنا ہوگا، جس کے لیے رہائشی وزارت ہیومن ریسورسز اور اماراتائزیشن (MOHRE) کی ویب سائٹ پر جا سکتے ہیں اور دستیاب سروس چینلز کے ذریعے درخواست جمع کر سکتے ہیں جہاں انہیں منسوخی کی وجہ منتخب کرنے اور مطلوبہ فیس ادا کرنے کی ضرورت ہوگی، اس کے بعد درخواست کی تصدیق کی جائے گی اور آجر کو ٹیکسٹ میسج اور ای میل کے ذریعے منظوری یا مسترد ہونے کی اطلاع دی جائے گی۔ معلوم ہوا ہے کہ سروس مکمل ہونے کے بعد وزارت کی مہر لگائی جائے گی، منسوخی کی دستاویز آجر کو ای میل کے ذریعے بھیجی جائے گی، ورک پرمٹ منسوخی کے عمل کو مکمل ہونے میں ایک کام کے دن تک کا وقت لگتا ہے، دبئی میں اس کی کل لاگت 85 درہم 75 فلس ہے جب کہ دیگر امارات میں یہ فیس 65 درہم مقرر کی گئی ہے، تاہم یہ عمل ان گھریلو ملازمین کے لیے مختلف ہو سکتا ہے جو تین ماہ سے زیادہ عرصے سے ملک سے باہر ہیں، تاہم کسی بھی جرمانے یا مسائل سے بچنے کے لیے ضروری طریقہ کار پر عمل کرنا لازمی ہے۔

ای پیپر دی نیشن