اپردیر چیک پوسٹ پر سینکڑوں افغان شدت پسندوں کا حملہ‘ سات اہلکار جاں بحق‘ دو سکول بھی تباہ

Jun 02, 2011

سفیر یاؤ جنگ
دیر بالا+اپر دیر (نامہ نگار+آئی این پی+ ڈیسک نیوز) ضلع اپر دیر میں پاکستان، افغانستان سرحدی علاقے میں واقع سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر سینکڑوں افغان شدت پسندوں کے حملے میں7 سکیورٹی اہلکار اور ایک راہگیر جاں بحق ہو گیا۔ سکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہو گئے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق بدھ کو ضلع اپر دیر میں پاک افغان سرحد کے قریب واقع شلتالو ٹاﺅن میں قائم سکیورٹی چیک پوسٹ پر شدت پسندوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور پاکستانی سرحد سے ملحقہ افغان صوبہ کنڑ سے آئے تھے۔ فورسز نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی اور دوطرفہ جھڑپ ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ عینی شاہدین کے مطابق چیک پوسٹ پر حملہ کے بعد دونوں جانب سے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ ہوتی رہی تاہم شدت پسندوں کی جانب سے کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جبکہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ میں حملہ آوروں کو بھی بھاری جانی نقصان پہنچا ہے۔ واقعہ کے بعد پاک افغان سرحد پر سکیورٹی انتظامات سخت کر دیئے گئے۔ شدت پسندوں نے دو سکول بھی تباہ کردئیے جبکہ ایک رابطہ پل کو بھی اڑا دیا گیا شدت پسندوں کی تعداد سینکڑوں بتائی جاتی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گن شپ ہیلی کاپٹرز سے شیلنگ کی۔ پاکستانی سکیورٹی حکام نے جھڑپ میں ایک اہلکار کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔
چیک پوسٹ حملہ
مزیدخبریں