ساہیوال (نامہ نگار) انجمن کاشتکاراں ضلع ساہیوال کے ایک اجلاس میں ضلع ساہیوال کے کولڈ اسٹوریج بند کرنے کے لئے محکمہ واپڈا کی جانب سے ایک فیز بند کرنے پر شدید احتجاج کیا گیااور مطالبہ کیا گیا کہ محکمہ واپڈا کا یہ اقدام ان تمام معاہدوں کے کے خلاف ہے جس کے تحت واپڈا نے کولڈ اسٹوریج کو بجلی کا کنکشن مہیا کرتے وقت کیا تھا ۔اجلاس میں اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ واپڈ ا کی جانب سے بلاوجہ ایک فیز کو بند کر کے کروڑوں روپے کے آلو تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن کاشتکاراں ضلع ساہیوال کے صدر چوہدری رحمت علی نے کہا کہ جو لوگ کولڈ اسٹوریج کے بل ادا نہیں کرتے ہیں محکمہ اُن کے کنکشن بند کرنے کامجاز ہے اور جو لوگ باقاعدہ اپنے بل ادا کر رہے ہیں اُن کولڈ اسٹوریج کی بجلی بند کرنا نا انصافی ہے۔