لاہور (کامرس رپورٹر ) آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن (آپما) نے نامزد وزیراعظم میاں محمدنواز شریف کے معاشی ویژن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر عملدرآمد سے معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی۔ کابینہ مختصر رکھنا اور سادگی کو فروغ دینے کے اعلانات قابل ِ ستائش ہیں جنہیں کاروباری برادری سراہتی ہے۔ صدر آپما محمد اجمل اور نائب صدر خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال تشویشناک ہے جسے درست کرنے کے لئے طویل المدت اور قلیل المدت دونوں قسم کی منصوبہ بندی درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجٹ میں پاور پراجیکٹس کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کرے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کو ہر صورت میں توانائی کے بحران پر قابو پانا ہوگا۔