ڈرون حملے روکنا وفاق کی ذمہ داری ہے پالیسی نہ بنائی تو احتجاج کریں گے: پرویز خٹک

لاہور (سپیشل رپورٹر ) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ڈرون حملے روکنے کی ذمہ داری ہماری نہیں وفاقی حکومت کی ہے اگر اس بارے وفاقی حکومت نے اقدامات نہ کئے اور کوئی واضح پالیسی نہ بنائی تو وفاق کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔ نیٹو افواج کو واپسی کا راستہ دینے سے متعلق فیصلہ اتحادیوں اور صوبہ کے عوام کی خواہشات کے مطابق کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر سراج الحق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ہمیں یہ معلوم نہیں ہے کہ طالبان کون لوگ ہیں اور ان کے کتنے گروپس ہیں اور وہ چاہتے کیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تو اپنے صوبے کو بچانا چاہتے ہیں اور وہاں امن و امان قائم کرنا چاہتے ہیں۔ امن چاہے طالبان سے مذاکرات کے ذریعے قائم ہو یا کسی اور طریقہ سے وفاقی حکومت کو اس حوالہ سے پیشرفت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت ایسا اقدام نہیں اٹھاتی تو ہم سمجھیں گے کہ وہ پٹھانوں اور صوبہ خیبر پی کے کے مسائل کا حل نہیں چاہتی۔ صوبائی حکومت کا کام صوبہ میں جرائم کی بیخ کنی کرنا ہے اور وہ ہم پولیس کے ذریعے کریں گے لیکن قبائلی علاقے ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتے بلکہ صوبہ میں گورنر بھی وفاق کا نمائندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صوبہ میں پولیس کو مضبوط کریں گے اور اسے ٹریننگ دیں گے۔ پورے ملک کا مینڈیٹ مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے ہم صرف خیبر پی کے کے ذمہ دار ہیں، امن کے لئے مشترکہ پالیسی بنانا ہو گی۔ وفاقی حکومت امن کی پالیسی لائے، ان کا ساتھ دیں گے۔ ماضی میں جو کچھ ہوا اس کے ذمہ دار ہم نہیں، اپنے صوبے میں پولیس کو مضبوط کریں گے۔ وفاق میں ہماری حکومت ہوتی تو امریکہ ڈرون حملوں کی ہمت نہ کرتا۔ 

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...