نئی دہلی (ایجنسیاں) اطلاعات کے مطابق بھارت نے میاں محمد نواز شریف کی تقریب حلف برداری میں اپنا نمائندہ بھیجنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت نے پاکستان کے ساتھ معمول کے تعلقات کی بحالی کے لئے نرم رویہ اختیار کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ واضح رہے کہ تھائی لینڈ اور جاپان کے دورہ سے جمعہ کو واپسی پر منموہن سنگھ نے پاکستان کے ساتھ اچھے ہمسایوں جیسے تعلقات اور پرامن طور پر تنازعات کے حل کی بات کی تھی۔ اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ بھارت نواز شریف کی حلف برداری میں اپنا نمائندہ بھیجے گا تاہم ابھی یہ طے نہیں کہ یہ کس سطح کا ہو گا۔ اس حوالے سے دوسرے ممالک کو دیکھا جائے گا۔ اس سے قبل نمائندہ بھیجنے کا فیصلہ اس اطلاع پر زیرالتوا رکھا گیا تھا کہ نواز شریف چاغی میں ایٹمی دھماکوں کے روز (28مئی کو) حلف اٹھا رہے ہیں۔