ڈھاکہ (آئی اےن پی) بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کرپشن کی تحقیقات کے دوران آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے انٹرنیشنل میچز میں بھی فکسنگ کا انکشاف ہوا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے تین سابق کپتان لپیٹ میں آگئے۔ محمد اشرفل نے تفتیش کے دوران خالد محمود، خالد مسعود اور لیفٹ آرم سپنر محمد رفیق کو میچ فکسنگ میں ملوث بتایا ہے۔ خالد محمود مرکزی کردار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ اس انکشاف نے بنگلہ دیشی میڈیا میں تہلکہ مچا دیا ہے اور ان خبروں کو نمایاں طور پر شائع کیا گیا ہے۔ اشرفل نے اے سی یو کے سامنے فکسنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں انڈر ورلڈ سے متعارف کرانے والے خالد محمود، خالد مسعود اور محمد رفیق تھے۔ بنگلہ دیش ٹیم کی بھارت کے خلاف 2004 میں ون ڈے کی فتح بھی فکسنگ سے جوڑی جا رہی ہے۔ مذکورہ میچ کا نتیجہ فکس کرنے کیلئے خالد مسعود، خالد محمود اور محمد رفیق نے ایک ہوٹل میں جاوید نامی بھارتی بکی سے تعارف کرایا تھا۔ اشرفل نے میچ میں 28رنز کی اننگز کھیلی تھی انہیں اس کاوش پر چار لاکھ ٹکا ملے تھے۔
سپاٹ فکسنگ، اشرفل کا اعترافِ جرم، 3 سابق کپتان جوئے میں ملوث نکلے
Jun 02, 2013