ممبئی(سپورٹس ڈیسک )سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے سبب انڈین پریمئر لیگ کے چیئرمین راجیو شکلا نے استعفیٰ دے دیا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سری نواسن نے بھی عہدہ چھوڑنے کے لیے مشروط آمادگی ظاہرکردی۔انڈین پریمیئرلیگ میں سپاٹ فکسنگ کیس کے منظرعام کے بعد سے آئے روز بھارتی کھلاڑیوں اوربورڈ کے عہدیداروں کی وکٹیں گررہی ہیں۔ گزشتہ روز اس سے سلسلے میں آئی پی ایل کے چیئرمین راجیو شکلا نے اپنی اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنا عہدہ چھوڑ دیا۔ انہوں نے استعفے کی وجہ آئی پی ایل میں کرپشن کو بتایا۔ اب بی سی سی آئی کے صدرسری نواسن پر بھی مستعفی ہونے کے لیے بے حد دباو¿ ہے جس پرانہوں نے بالآخر مشروط آمادگی ظاہرکر ہی دی۔ سری نواسن کی شرط ہے کہ انہیں استعفے کے بعد بورڈ میں سیکرٹری یا خازن کا عہدہ دیا جائے تاکہ وہ آئی سی سی میں بھارت کی نمائندگی کرتے رہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کا ہنگامی اجلاس آج چنئی میں ہوگا جس میں سری نواسن کے استعفی کا قوی امکان ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بورڈ کے تمام عہدیداران نے سری نواسن کو الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں ورنہ تمام عہدیداران مستعفی ہوجائیں گے۔
انڈین پریمیئر لیگ کے چیئرمین راجیو شکلا مستعفی‘ صدر بھارتی کرکٹ بورڈ سری نواسن کے آج عہدہ سے دستبردار ہونے کا امکان
Jun 02, 2013