لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن نے لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو شکست دینے والے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی فنانس سیکرٹری سردار ایاز صادق کو قومی اسمبلی کے سپیکر کیلئے اپنا امیدوار نامزد کردیا ہے۔ سردار ایاز صادق الیکشن 2013ءمیں کامیابی سے پہلے 2008ءاور 2002ءمیں بھی لاہور کے اس حلقے سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔ سردار ایاز صادق کا تعلق معروف کشمیری گھرانے سے ہے۔ ان کے والد سردار صادق معروف بزنس مین تھے۔ انکے دادا نے خیراتی ادارہ سردار ٹرسٹ آئی ہسپتال قائم کیا جس کے سردار ایاز صادق پچھلے کئی برس سے چیئرمین ہیں۔ سردار ایاز صادق نے ابتدائی تعلیم ایچی سن میں حاصل کی۔ وہاں سے اے لیول کرنے کے بعد یونیورسٹی ہیلی کالج سے کامرس میں گریجوایشن کی۔ سردار ایاز صادق 2002ءمیں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے ممبر اور 2008ءمیں قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے چیئرمین رہے۔ پیپلز پارٹی کے معروف رہنما چودھری احمد مختار اور سردار ایاز صادق پھوپھی ماموں زاد بھائی ہیں۔ سردار ایاز صادق بزنس مین ہیں اور کیمیکل کا کاروبار کرتے ہیں۔ گلبرگ میں انکا کاروباری دفتر ہے۔ سردار ایاز صادق سنجیدہ، متانت اور کم گو شخصیت ہیں۔ دھیمے مزاج کے سردار ایاز صادق کے بارے میں کہا جاسکتا ہے کہ انکا شمار قومی اسمبلی کے کامیاب ترین سپیکروں میں ہو گا۔ مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سپیکر کیلئے نامزد امیدوار مرتضیٰ جاوید عباسی ہزارہ کی معروف سیاسی شخصیت حاجی جاوید اقبال عباسی کے صاحبزادے ہیں جو 1990ءمیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 12 ایبٹ آباد کم ہری پور سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ 1993ءمیں حاجی جاوید اقبال عباسی نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کو اپنے حلقہ انتخاب سے الیکشن لڑنے کی پیشکش کی جو انہوں نے قبول کر لی۔ نواز شریف نے 1993ءکے الیکشن میں این اے 12کے علاوہ لاہور سمیت دیگر نشستوں سے بھی کامیاب ہوئے تھے لیکن انہوں نے ایبٹ آباد کی اس نشست کو محفوظ رکھا بلکہ 1997ءکا الیکشن بھی اس نشست سے جیتا۔ حاجی جاوید اقبال عباسی کی وفات کے بعد الیکشن 2002ءمیں مرتضیٰ جاوید عباسی نے اس نشست این اے 18ایبٹ آباد سے الیکشن میں حصہ لیا تاہم انہیں (ق) لیگ کے سردار محمد یعقوب سے چار ہزار ووٹوں سے شکست کی ہزیمت اٹھانا پڑی۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے اگلا الیکشن 2008ءمیں 72 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر کے جیت لیا۔ مرتضیٰ جاوید عباسی اس حلقہ انتخاب سے الیکشن 2013ءمیں دوسری مرتبہ کامیاب ہوئے ہیں۔