کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ آج اسلام آباد میں وفاقی شیڈوبجٹ اور 5 جون کو سندھ کا شیڈوبجٹ پیش کریں گے۔ وفاقی شیڈوبجٹ 98 فیصد غریب عوام کی امنگوں کا مظہر ہوگا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 5 سالوں میں کراچی کے مسائل کو نظر انداز کیا گیا جبکہ ملک کی مجموعی پیداوار میں کراچی کا حصہ 40 فیصد ہے۔ کراچی ملک کا ترقی کا انجن ہے کراچی کے عوام مسائل کی چکی میں پس رہے ہیں ملک بھر کا 60 سے 70 فیصد ٹیکس کراچی سے جاتا ہے۔ شہر میں پانی کے مسئلے پر قابو نہ پایا گیا تو جھگڑے ہوں گے۔ سندھ کے منصوبوں کو نظر انداز کرنے پر قومی اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے ۔ کراچی کے چار منصوبوں کی فوری منظوری دی جائے۔ بجٹ میں کراچی کیلئے 150 ارب روپے کا پیکیج دیا جائے۔ سندھ کے بڑے منصوبوں کی منظوری نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے۔ سندھ کے 11 منصوبوں کو بجٹ میں کیوں نہیں رکھا گیا ہے۔ سرکلر ریلوے کی بحالی کیلئے بجٹ میں رقم مختص کی جائے۔ بجٹ میں آبادی کے لحاظ سے کراچی کو 13 فیصد ملنا چاہئے۔
فاروق ستار
سندھ کے منصوبے نظرانداز کرنے پر قومی اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے: فاروق ستار
Jun 02, 2014