یمن: سعودی اتحادیوں کا باغیوں کے اسلحہ ڈپو پر فضائی حملہ، 8 شہری ہلاک

Jun 02, 2015

پیرس +صنعاء (آن لائن+اے ایف پی) داعش مخالف عالمی اتحاد کا اجلاس آج منگل کو پیرس میں ہو گا جس میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری ، عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ اور نمائندے شرکت کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق داعش مخالف عالمی اتحاد کے اجلاس کا مقصد داعش سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کرنا ہے ۔ عراق میں داعش کی پیش قدمی سے عالمی برادری کو تشویش ہے اور وہ عراقی حکومت پر داعش کیخلاف جنگ کو تیز کرنے کیلئے دبائو ڈال رہے ہیں ۔ ادھریمن کے دارالحکومت میں سعودی اتحادیوں کے فضائی حملے میں کم از کم 8 سویلین جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔ اتحادی طیاروں نے صنعاء کے مشرقی نواحی علاقے میں مائونٹ نوقم بیس میں حوثی باغیوں کے اسلحہ کے ڈپو کو نشانہ بنایا جس کے بعد دھماکوں کے نتیجہ میں 8 عام شہری مارے گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق بمباری کے بعد مذکورہ عمارت کا ملبہ 5 کلومیٹر کے علاقہ میں پھیل گیا۔ دوسری طرف امدادی سامان لیکر آنیوالے اقوام متحدہ کے بحری جہاز پر عدن بندرگاہ کے قریب شیلنگ کی گئی۔ صوبائی حکام نے حوثی باغیوں پر الزام لگایا ہے۔اے ایف پی کے مطابق اتحادی طیاروں نے 12 مئی کو بھی باغیوں کے اسی ٹھکانے کو نشانہ بنایا تھا جس کے بعد اسلحہ کے ذخیرہ میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجہ میں 69 سویلین جاں بحق اور 250 زخمی ہو گئے تھے۔ ادھر یمن میں اغوا ہونے والی فرانسیسی خاتون ازائیل پرائم کی پہلی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔ 21 منٹ کی ویڈیو میں وہ زمین پر سیاہ کپڑے پہنے بیٹھی اور فرانسیسی‘ یمنی صدور سے اپنی رہائی کے اقدامات کی اپیل کر رہی ہیں۔

مزیدخبریں