پشاور+ کرک (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی کی شکایات اور ہنگامہ آرائی کے واقعات کے بعد 75 پولنگ سٹیشنوں میں دوبارہ ووٹنگ کرانے کا حکم دیا ہے۔ ان پولنگ سٹیشنوں میں پشاور کے 26 اور کرک کے 49 پولنگ سٹیشن شامل ہیں جبکہ ٹانک میں آزاد کونسلر کی فتح کے بعد نکالی گئی ریلی پر فائرنگ اور گرنیڈ حملہ میں زخمی ہونے والوں میں مزید 2 افراد دم توڑ گئے اور اس طرح ہلاکتوںکی تعداد 10 ہوگئی ہے۔ علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق دوبارہ انتخابات کرائے جانیوالے زیادہ تر پولنگ سٹیشنز نواحی علاقوں کے ہیں۔ این این آئی کے مطابق پشاور میں بلدیاتی انتخابات کے دوران جعلی بیلٹ پیپرز اور اسٹیمپ استعمال ہونے پر 26پولنگ سٹیشزپر انتخابات کو کالعدم قراردیا ہے جبکہ مبینہ دھاندلی اور جھگڑوں کی شکایات پر کرک کے 49 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ ووٹنگ کا حکم دیا گیا۔ بلدیاتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، مختلف پولنگ سٹیشنز پر بے ضابطگیوں کے حوالے سے ریٹرنگ آفیسرز نے اپنی رپورٹ چیف سیکرٹری کوپیش کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری کو پیش کی گئی ریٹرننگ آفیسرز کی مرتب کردہ رپورٹ میں سنسنی خیز انکشافات کئے گئے ہیں۔ ضلعی ریٹرننگ افسرکی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے دوران سکیورٹی انتظامات انتہائی ناقص تھے۔ ایک ہی فرد کی دومقامات پر ڈیوٹیاں لگائی گئیں۔جاں بحق اور ریٹائرڈ اہلکاروں کو پریزائیڈنگ افسر مقرر کیا گیا تھا۔ اکثر پولنگ سٹیشنز پر بیلٹ پیپرز اور انتخابی موادکم پہنچا۔ علاوہ ازیں ٹانک کے علاقے کڑی حیدر میں آزاد کونسلر کی فتح کے بعد نکالی گئی ریلی پر مخالفین نے فائرنگ اور دستی بم سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں8 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے، پولیس کے مطابق زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال ٹانک منتقل کیا گیا ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے 2 افراد ہسپتال میں دم توڑ گئے، ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی۔ ادھر تھانہ شیروان ایبٹ آباد میں فائرنگ سے جنرل کونسلر جاں بحق ہوگیا۔ علاوہ ازیں خیبر پی کے میں ضلعی ناظمین کے انتخاب کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویزخٹک بھی اس کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ کمیٹی کی سربراہی عمران خان کریں گے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن اور اے این پی کے رہنمائوں نے سوات میں ملاقات کی۔ ضلع اور تحصیل کونسل میں مشترکہ حکومت بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ضلع کونسل کی 67 نشستوں میں سے 22 مسلم لیگ (ن) اور 8 اے این پی کے پاس ہیں۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ خیبر پی کے بلدیاتی انتخابات کالعدم قرار دیئے جائیں۔ خیبر پی کے میں دوبارہ بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ خیبر پی کے بلدیاتی الیکشن میں زبردست دھاندلی کی گئی جس طرح دھاندلی کی گئی ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے گئے۔ بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی سے پوری دنیا میں پاکستان کا مذاق اڑ رہا ہے۔ علاوہ ازیں الطاف حسین نے خیبر پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں ایم کیوایم کے خواتین سمیت نامزد کردہ 22 امیدواروں کو کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ نامزد حق پرست امیدواروں کی خیبر پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی ملک بھر کے مظلوم عوام کی فتح ہے۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں کئی حلقوں میں خواتین کوحق رائے دہی استعمال کرنے سے روکا گیا لیکن اس کے باوجود ایم کیویم کی نامزد کردہ 9 خواتین امیدواروں نے بلدیاتی انتخابات میں نہ صرف حصہ لیا بلکہ بھر پور کامیابی حاصل کی جس پر میں ان کی جرأت، ہمت اور بہادری پر زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد نوازشریف نے وفاقی مشیر انجینئر امیر مقام سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے بلدیاتی الیکشن میں شاندار کامیابی پر مبارکباددی ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے ملاکنڈ ڈویژن کیلئے خصوصی ترقیاتی منصوبوں کے اعلان اور کڈنی ہسپتال کا جلد افتتاح کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی انجینئرا میر مقام سے رابطہ کرکے بلدیاتی الیکشن میں بہتر کارکردگی دکھانے پر مبارکباد دی۔ نواز شریف نے انجینئر امیر مقام سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے بلدیاتی انتخابات میں سوات اور شانگلہ میں بہترین کارکردگی اور شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔