تحریک انصاف دھاندلی کی چیمپئن بن گئی، فوج کی زیر نگرانی دوبارہ انتخابات کرائے جائیں: جماعت اسلامی

پشاور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے خیبر پی کے میں تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا خیبرپی کے کے پولیس نے تحریک انصاف کے غنڈوں کو مکمل تحفظ دیکر مثال قائم کردی۔ تحریک انصاف کے کارکن بیلٹ بکس اٹھا کر لے گئے، انتخابی عملہ گالم گلوچ اور نازیبا زبان سے پیش آتا تھا انتخابات میں کے پی کے کی پولیس بالکل بے بس نظر آئی الیکشن کمشن کا انتخابی عمل بالکل یرغمال تھا۔ صوبائی حکومت کے دبائو میں کام کررہا تھا۔ انکا کہنا تھا دھاندلی کے باوجود ہمارے امیدواروں کو کوئی شکست نہیں دے سکا۔ انہوں نے کہا بلدیاتی انتخابات میں انتخابی نتائج تبدیل ہونے کا عمل جاری ہے تحریک انصاف خود دھاندلی میں ملوث ہے وہ کس منہ سے عام انتخابات میں دھاندلی کا واویلا کررہی ہے۔ این این آئی کے مطابق جمعیت علماء اسلام (ف) کے صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا شجاع الملک نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کوبدترین قراردیتے ہوئے 3 جون کو دھرنوں اور 6 جون کو کل جماعتی کانفرنس طلب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مولانا شجاع الملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف نے منظم دھاندلی کی،، مردان اور چارسدہ میں صوبائی حکومت نے دھاندلی کا ریکارڈ بناتے ہو ئے خواتین کے پولنگ سٹیشن میںپی ٹی آئی کے کارکنوں کو بٹھایا،30مئی خیبر پی کے کی تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن تھا جس میں صوبائی وزرائ، ایم پی ایز سرکاری عملہ نے بیلٹ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے تاریخ کی بدترین دھاندلی کی، صوبہ بھر کے تقریباً تمام اضلاع میں اپنے امیدواروں کی کامیابی کیلئے وزیراعلیٰ ، وزراء ، ایم پی ایز اور سرکاری عملہ نے تقریباً تمام پولنگ سٹیشنوں پر ٹھپے لگائے، بیلٹ بکس اٹھا کر لئے گئے، خواتین کو پولنگ سے روکا، خواتین پولنگ سٹیشن پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے قبضہ کیا، سرعام فائرنگ کرکے کئی افراد کو موت کی نیند سلایا، یہ تمام مناظر لوگو ں نے اپنی آنکھوںسے دیکھے، ہم مرکزی الیکشن کمشن اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں وہ فوری طور پر صوبائی حکومت اسکے وزراء اور اس میں ملوث سرکاری عملہ کو برطرف کرنے کے احکامات جاری کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں اور دھاندلی زدہ الیکشن کے نتائج کو روکا جائے، اور نتائج کو تبدیل کرنے کی سازش کو بند کرتے ہوئے قوم کو صحیح صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق خیبر پی کے حکومت کی اتحادی جماعت اسلامی نے تحریک انصاف پر دھاندلی کا الزام عائد کر دیا اور کہا ہے تحریک انصاف خود دھاندلی کی چیمپئن بن گئی۔ وزیراعلیٰ نے منصوبہ بندی کی جس پر وزرا نے عمل کیا، دھاندلی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، فوج کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر صابر حسین اعوان نے میڈای سے گفتگو میں کہا کہ بلدیاتی انتخابات صوبے کی تاریخ کے بدترین اور شرمناک انتخابات تھے جس میں مبینہ طور پر ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریٹرننگ افسران کو استعمال کرکے بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی۔ جماعت اسلامی نے اس حالے سے اے پی سی طلب کرنے اور عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن