اسلام آباد ( وقائع نگار) چوہدری رشید احمد کی بطور چیئرمین پیمرا بحالی کے عدالتی فیصلے کے خلاف وفاق نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی ہے۔ ڈویژن بنچ نے چیئرمین پیمرا چوہدری رشید احمد، سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نذیر سعید، سیکرٹری داخلہ شاہد خان اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کر دی ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ چودھری رشید احمد کی بطور چیئرمین پیمرا بحالی کا فیصلہ حقائق کے منافی ہے۔ سنگل بنچ نے وفاق کی جانب سے پیش کئے جانیوالے ریکارڈ کو مدنظر نہیں رکھا، چوہدری رشید کے خلاف الزام ہے کہ انہوں نے بطور سیکرٹری اطلاعات چیئرمین پیمرا کے عہدے کے لئے اپنے نام کی سفارش کی اور چیئرمین پیمرا بننے کے بعد تین ماہ تک دونوں عہدے ان کے پاس رہے۔ خواجہ آصف کیس میں سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ تمام اداروں کے سربراہوں کی تقرری کا ازسرنو جائزہ لیا جائے۔ دریں اثناء اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پیمرا چوہدری رشید احمد کو ہراساں کرنے کے خلاف درخواست پر ابتدائی دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔