سہیل امان کی بیجنگ میں پیپلز لبریشن آرمی ایئرفورس کے سربراہ سے ملاقات

Jun 02, 2015

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے پیپلز لیبریشن آرمی ائیر فورس کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ ہیڈکوارٹرز آمد پر انہیں ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ اس کے بعد انہیں ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے کمانڈر پیپلز لیبریشن آرمی ائیر فورس جنرل ما ژیائو تیان سے ملاقات کی۔ دونوں معزز شخصیات کچھ دیر تک ساتھ رہیں اور پیشہ ورانہ امور اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا ۔ قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے چائینہ نیشنل الیکٹرونکس امپورٹ ایکسپورٹ کارپوریشن کے صدر مسٹر کیو ہیومن اور چائینہ پریسیژن مشینری امپورٹ ایکسپورٹ کارپوریشن کے صدر مسٹر جی یان شو چائینہ نارتھ انڈسٹریز کارپوریشن کے صدر مسٹر زی یولن، صدر ائیروسپیس لانگ مارچ انٹرنیشل ٹریڈ کارپوریشن لمیٹڈ اور چیئر مین پولی ٹیک انک، مسٹر زہانگ زین گاو وائس ایڈمنسٹریٹر، سٹیٹ ایڈمنسٹریشن فار سائنس ، ٹیکنالوجی اینڈ انڈسٹری فار نیشنل ڈیفنس سے بھی ملاقاتیں کی۔ ائیر چیف نے چین کے اعلی عہدیداران کو دونوں ممالک کے درمیان با لعموم اور فضائی افواج کے درمیان بالخصوص باہمی فوجی اور سول تعاون کی مضبوطی کی یقین دہانی کروائی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ چین کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔

مزیدخبریں