منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی تنظیم نو ہو گی، بجٹ میں زرعی شعبے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں گے: شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لندن سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی تنظیم نو کی منظوری دے دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کو جدید خطوط پر استوار کرناہوگا، پنجمن کی تنظیم نو مرحلہ وار پروگرام کے تحت کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی استعداد کار میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے اورکانوں کی لیزنگ کے نظام کوبھی انتہائی شفاف بنانا ہوگا۔ شارٹ ٹرم اقدامات پر فوری عملدرآمد کا آغاز کیا جائے۔کانوں میں کام کرنے والے ورکرز کی حفاظت کیلئے فول پروف انتظامات ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کانوں میں کام کرنے والوں کی حفاظت بھی ضروری ہے، اس لئے مائنز ورکرز کے لئے حفاظی انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے پنجمن کی تنظیم نو کیلئے اعلی سطح کی بااختیار کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کے سربراہ صوبائی و زیر رانا ثناء اللہ ہوں گے۔کمیٹی میں صوبائی وزیر شیر علی خان ،چیئرمین پنجمن نعمان کبیر ،سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری معدنیات شامل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے پنجمن کے چیئرمین نعمان کبیر کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پنجمن کی تنظیم نو کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران تمام ترجیحات کا محور عام آدمی کی فلاح و بہبود اور صوبے کی پائیدار بنیادوں پر ترقی ہوگا اور اربوں روپے عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کئے جائیں گے۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے آئندہ بجٹ میں خصوصی وسائل اور سکولوں میں بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کے وسائل مہیا کریں گے۔ آئندہ مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں ترقی و خوشحال کا دور دورہ ہوگا۔ اجلاس میں نئے مالی سال کے بجٹ کی ترجیحات اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت اہم منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی اور کسان کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے اور تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کیلئے بھی اضافی فنڈز مختص کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کے بروقت استعمال کے حوالے سے محکموں اور اداروں کے استعداد کار میں اضافہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ ہر ضلع کے پارکس میں ڈیجیٹل لائبریریاں قائم کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ محنت کشوں کیلئے لیبر کالونیوں کے قیام کے پروگرام کو مزید آگے بڑھائیں گے۔ وزیراعلی کے حکم پر لاہور کے علاقے مغل پورہ میں کھلے مین ہول میں گر کر 3 سالہ بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے 2 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ انکوائری کمیٹی کے کنوینئر ممبر وزیراعلی معائنہ ٹیم کوکب ندیم وڑائچ ہوں گے جبکہ کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ سنبل انکوائری کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ وزیراعلی نے جمعیت علماء پاکستان کے سابق سربراہ علامہ شاہ احمد نورانی مرحوم کے بھائی اور معروف عالم دین علامہ حامد صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...