خیبر ایجنسی + اسلام آباد (احمد نبی+ دی نیشن رپورٹ+ آئی این پی) 2 ماہ کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، اب کوئی افغان شہری بغیر قانونی سفری دستاویزات طورخم بارڈر سے پاکستان داخل نہیں ہو سکے گا۔ پاکستان نے طورخم بارڈر پر پابندیوں پر عملدرآمد شروع کردیا ہے۔ بارڈر پر تعینات ایف سی کے اہلکار مکمل طور پر افغان باشندوں کے سفری کاغذات چیک کر رہے ہیں اور قانونی اجازت نامے نہ رکھنے والے افغان باشندوں کو واپس بھیج دیا جاتا ہے۔ پابندیوں کی وجہ سے بارڈر کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور سینکڑوں شہری پھنس گئے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ مقامی عمائدین کا کہنا ہے پابندیوں سے کاروبار متاثر ہوگا۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پاکستان نے مغربی سرحد کو محفوظ بنانے کیلئے جامع منصوبہ بنایا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نفس ذکریا نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان کے درمیان طور خم پر سرحدی نظام موثر بنایا گیا، افغان شہریوں کو ویزے کے بغیر پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ مریضوں اور پاکستان میں زیر تعلیم طلباء سے تعاون کر رہے ہیں۔
کوئی افغان بغیر ویزا پاکستان داخل نہیں ہو سکے گا، پابندیوں پر عملدرآمد شروع
Jun 02, 2016