وزیراعظم کی طبیعت بہتر، آج کمرے میں منتقل کر دیا جائے گا: مریم نواز

لندن + لاہور (وقار ملک+ خبرنگار + نامہ نگاران + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری کے بعد طبیعت بہتر ہو رہی ہے۔ وزیراعظم گزشتہ صبح جاگے تاہم دوائوں کی وجہ سے غنودگی کی کیفیت میں تھے، انہوں نے گلے میں درد کی شکایت کی۔ ملک بھر اور بیرون ملک میں وزیراعظم کی جلد صحتیابی کیلئے دعائوں کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی تنظیم پاکستانی امریکن کانگرس نے وزیراعظم نواز شریف کے کامیاب آپریشن پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ مریم نواز نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف سے میری بات ہوئی ہے۔ میرے والد کی طبیعت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔ وزیراعظم کا گلا ٹیوب ڈالنے کی وجہ سے کچھ خراب ہے۔ طبیعت کی بہتری پر سرجن بہت خوش ہیں۔ وزیراعظم کو آج کمرے میں منتقل کر دیا جائے گا۔ سرجن نے نواز شریف کی چھاتی سے دو ٹیوب نکال دیئے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپریشن سے قبل نواز شریف کے دل کی 3 شریانیں بند تھیں۔ وزیراعظم کے صاحبزادے حسن نواز نے بتایا کہ ان کے والد کی طبیعت بہتر ہو رہی ہے۔ امید ہے آج ان کو کمرے میں منتقل کر دیا جائے گا۔ ڈاکٹرز نے گزشتہ روز وزیراعظم کو اٹھایا، بٹھایا اور وہ بات چیت کر رہے ہیں۔ لندن سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعظم نے اپنی بیٹی اور بھائی شہباز شریف سے ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم پاکستان کو ہلکی درد کا احساس ہوا تو ڈاکٹروں کی ٹیم فوری ان کے گرد اکٹھی ہو گئی درد کی وجہ دوائی کا اثر بتایا گیا اور ڈاکٹروں نے ہدایت کی کہ میاں محمد نواز شریف کو صرف نرم غذا (لیکوڈ) دی جائے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی لندن ہسپتال میں وزیراعظم نواز شریف کیلئے گلدستہ بھیجا۔ اسحاق ڈار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ڈاکٹرز وزیراعظم کی ریکوری کی صورتحال سے مطمئن ہیں۔ وزیراعظم کی صحت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔ امریکی خصوصی نمائندے رچرڈ اولسن نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا۔ رچرڈ اولسن نے اپنی اور امریکی وزیر خارجہ کی جانب سے وزیراعظم کی خیریت دریافت کی۔ اسحاق ڈار نے نیک خواہشات پر امریکی خصوصی نمائندے کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور کروڑوں لوگوں کی دعائوں سے وزیراعظم روبصحت ہیں۔ میں اور میرا خاندان وزیراعظم نواز شریف کے کامیاب آپریشن کے لیے دعائیں کرنے والوں کے شکر گزار ہیں۔ وزیراعظم صحت یاب ہو کر جلد وطن واپس آئیں گے۔ جڑانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق نواز شریف کی صحت یابی کے لئے یوتھ ونگ کے زیراہتمام قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ستراہ سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعظم کی جلد صحت یابی کے لیے آستانہ عالیہ آلو مہار شریف میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنمائوں معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب چودھری محمد ارشد جٹ اور ممبر صوبائی اسمبلی چودھری محمد حنیف جٹ کی رہائش گاہ پر وزیراعظم کی صحت یابی کے لیے دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ میکسیکو کی وزیر خارجہ کلاڈیہ روہزم نے وزیراعظم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے وزیراعظم نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری کے بعد جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے مسلم لیگ ہائوس مسلم ٹائون میں اراکین اسمبلی، پارٹی عہد یداروں اور کارکنوں کے ہمراہ دعائیہ تقریب کے موقع پر قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے کامیاب آپریشن کے لیے اندرون وبیرون ملک پارٹی کارکنوں اور کروڑوں پاکستانیوں کے بے حد شکر گزار ہیں جن کی دعائوں کی بدولت وزیر اعظم محمد نواز شریف کا آپریشن کامیاب ہوا۔ مسلم لیگ (ن) علماء و مشائخ ونگ مفتی انتخاب احمد نے دعا کروائی۔ وزیراعلی بلوچستان ثناء اللہ زہری نے گزشتہ روز لندن میں ہسپتال سے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی عیادت کرنے کے لئے آیا ہوں اللہ نواز شریف کو صحت دے۔ کوشش کروں گا کہ خان آف قلات سے بات چیت ہو جائے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...