لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ریو اولمپکس کیلئے قومی کھلاڑیوں کو ملنے والے وائلڈ کارڈز بارے بدستور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔ پی او اے کے صدر سید عارف حسن کا کہنا ہے کہ تاحال دو شوٹرز کے اولمپک میں جانے بارے تصدیق ہوئی ہے جبکہ سوئمنگ اور اتھلیٹکس میں بھی کھلاڑیوں کی شرکت کا امکان ہے تاہم صحیح تعداد بارے آئندہ ہفتے ہی معلوم ہوگا۔ انہوں نے کھیلوں کی زبوں حالی کا ذمے دار حکومتی پالیسیوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2020ء کے اولمپک سے قبل بھی ہم یہی گفتگو کرتے رہیںگے لیکن صورتحال کے تدارک کیلئے حکومت کی جانب سے کوئی ٹھوس اقدام نہیں ہوگا۔ بھارت کے 85 اتھلیٹس نے اولمپکس کیلئے کوالیفائی کیا ہے جس کے ایک صوبے کا بجٹ بھی ہمارے قومی بجٹ سے زیادہ ہے۔گزشتہ برس تمام فیڈریشنوں اور ماہرین نے کھیلوں کی صورتحال کو بہتربنانے کیلئے حکومت کو تجاویز پیش کی تھیں لیکن ان پر کوئی عمل در آمد نہیں ہوا۔