پاکستان کی بیٹنگ سری لنکا کے مقابلے میں زیادہ تجربہ کار اور مضبوط ہے: اسد شفیق

Jun 02, 2016

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کے لیے پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا سکلز کیمپ لاہور میں جاری، محمد حفیظ تیسرے روز بھی کیمپ کو جوائن نہ کر سکے۔ قومی ٹیم کے نئے ٹرینر شین ہینز نے بھی کیمپ میں کھلاڑیوں کو مشورے دیئے جبکہ چیف سلیکٹر انضمام الحق سلیکشن کمیٹی کے دیگر ارکان کے ساتھ اس موقع پر موجود رہے۔ مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میںفاسٹ باؤلنگ ہمیشہ چیلنجنگ رہی ہے اور مشکل حالات سے نبرد آزما ہونے کے لئے نیٹس میں سخت ٹریننگ کر رہے ہیں ، کپتان مصباح الحق اور یونس خان جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی بیٹنگ میں کافی گہرائی ہے، سری لنکا کے مقابلہ میں پاکستان کی بیٹنگ زیادہ تجربہ کار اور مضبوط ہے لہذا انگلینڈ میں اس سے بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ اپنے بیٹنگ آرڈر سے مطمئن ہوں۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لئے مربوط ٹریننگ کر ہے ہیں، کوشش کریں گے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائیں ۔ ٹیسٹ میچوں میں اچھی کارکردگی کا ایک روزہ میچوں پر بھی اثرپڑے گا۔ کوشش ہوتی ہے جس فارمیٹ میں موقع ملے اس کے مطابق کھیلنے کی کوشش کروں اور محدود اوورز کی ٹیم میں بھی مستقل جگہ بنا سکوں۔ انگلینڈ کی پچیں اور موسم بڑا مشکل ہو تا ہے اور اس جیسی کنڈیشنز برصغیر میں نہیں ہو سکتیں لہذا پی سی بی کا بڑا اچھا فیصلہ ہے کہ سیریز سے قبل ٹیم انگلینڈ جا رہی ہے اس سے کھلاڑیوں کو موسم اور پچوں سے ہم آہنگ ہو نے میں بہت فائدہ ہو گا۔

مزیدخبریں