راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تنازعات باہمی صلح صفائی سے طے کرانے کے لئے جوڈیشل کمپلکس راولپنڈی میں مصالحتی مرکز قائم کر دیا گیا ہے، سول جج کی سربراہی میں قائم کئے گئے اس مرکز میں روائتی عدالتی ماحول سے برعکس فریقین آزادانہ ماحول میں گفت و شنید اور افہام و تفہیم سے تصفیہ طلبمعاملات حل کریں گے اور اس طریقہ کار کی بدولت ایک دوسرے کے خلا ف مقدمہ بازی میں الجھنے اور وقت اور پیسے کے ضیاع سے محفوظ رہیں گے ۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی مسٹر سہیل ناصر نے جمعرات کو مصالحتی مرکز کا افتتاح کیا ۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی سجاد اکبر عباسی، جج صاحبان اور وکلاءنے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر سہیل ناصر نے کہا کہ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ کی ہدایات پر عدالت میں مقدمات جلد نمٹانے اور متبادل طریقوں سے فریقین کی مابین اختلافی امور حل کرانے کے لئے مصالحتی مراکزنے صوبے کے تمام اضلاع میں کام کرنا شروع کر دیا ہے اور ان کے نہایت حوصلہ افزاءنتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عدالتی سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے دیگر کئی اقدامات کے ساتھ ساتھ ایسے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں جن سے تحت عدالتوں میں مقدمات کا دبا و کم سے کم ہو اور معمولی نوعیت کے لڑائی جھگڑے یا اختلافات طویل عرصے تک مقدمات کی صورت میں عدالتوں میں زیر سماعت نہیں رہیں۔مسٹر سہیل ناصر نے کہاکہ مصالحتی مرکز کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اور پوری دنیا میںاس وقت یہ طریقہ کار انتہائی کامیاب رہا ہے اور اس سے سالہاسال سے جاری مقدمات کا تصفیہ فریقین کے باہم مل بیٹھنے سے گھنٹوںمیں حل ہو رہے ہیں۔ سہیل ناصر نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ مصالتی مرکز میں ہر طرح کے ایسیے مقدمات کا فیصلہ ممکن ہے جس سے دونوں فریقین رضا مند ہوںاور ان کے فیصلے میں کوئی قانونی پابندی حائل نہ ہوتی ہو۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے دین اسلام میں بھی دونوں فریقین کے مابین صلح کو احسن عمل اور نیکی قرار دیا گیا ہے اور اگر ہم اپنے عدالتی نظام میں اس کو رائج کر دیں تو عدالتوں میں مقدمات کا بوجھ کم ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انصاف کے حصول میں مدد دینا ہماری قومی ، دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اسی جذبے کے تحت صوبے میں مصالحتی مراکز قائم کئے ہیں جن سے ایسے افراد کو خاطر خواہ سہولت حاصل ہو گی جو کسی نہ کسی کشیدگی کی وجہ سے حصول انصاف کے لئے عدالتوں سے رجوع کرتے ہیں۔ اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی سجاد اکبر عباسی نے کہاکہ مصالحتی طریقہ کار شروع سے رائج ہے اور ا س عمل سے سنگین باہمی اختلافات بھی باآسانی طے کر لئے جاتے ہیں انہوںنے کہاکہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے اس طریقہ کا ر کا دوبارہ اجراءخوش آئند ہے اور اس کی کامیابی کے لئے وکلاءہر ممکن تعاون کریں گے۔ اس موقع پر جنرل سیکریٹری عرفان نیازی، ذولفقار عباس نقوی، اور دیگر وکلاءنے بھی خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ مصالتی مراکز سے عدالتوں کا وقت بچے گا اور بھائی چارے کی فضاءقائم ہو گی۔ اس موقع پر سہیل ناصر نے تختی کی نقاب کشائی کرکے مصالتی مرکز کا افتتاح کیا۔
جوڈیشل کمپلےکس راولپنڈی میں مصالحتی مرکز قائم کر دیا گیا
Jun 02, 2017