اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں اجلاس میں توانائی کے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر پانی و بجلی‘ وفاقی وزیر پٹرولیم سیکرٹری ٹو پی ایم اور دوسرےاعلی حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری پانی وبجلی نے اجلاس کے شرکاءکو بجلی کی طلب ورسد کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام پاور کمپنیوں کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ شیڈول کے بغیر کوئی لوڈشیڈنگ نہ کریں۔ ملک میں گرمی کی شدت کے باعث بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ جبکہ عوام کی سہولت کے لیے لوڈ منیجمنٹ کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر ملک میں توانائی کے ایشوز کو ختم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ جاری منصوبوں کی تکمیل پر آئندہ سال کے آغاز پر اضافی بجلی سسٹم میں آئے گی اس سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کی جائے۔ سحروافطار کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔