چیمپئنزٹرافی :انگلینڈ نے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) چیمپئنزٹرافی کے مقابلے انگلینڈمیں شروع ہوگئے ‘افتتاحی میچ انگلینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔بنگال ٹائیگرز نے 56رنزکا آغاز فراہم کیا ۔ سومعیہ سرکار 28رنز بناکر بین سٹوکس کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے ۔ دوسری وکٹ 95کے مجموعی سکور پر گری جب امر القیس 19رنز بناکر پلنکٹ کی گیند پر ووڈ کو کیچ دے بیٹھے ۔ تمیم اقبال اور مشفیق الرحیم نے ذمہ داری سنبھالی اور سکور کو 261رنز تک پہنچا دیا ۔ مشفیق الرحیم 79رنز بناکر کیچ آﺅٹ ہوئے ۔ شکیب الحسن دس ‘صابر رحمان چوبیس رنز بناکر پویلین لوٹے ۔تمیم اقبال نے142گیندوں پر 12چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے 128رنز بنائے۔ محمود اللہ چھ اور مصدق حسین دو رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ بنگلہ دیش نے 6وکٹوں پر 305رنز بنائے ۔پلنکٹ نے چار ‘بال اور بین سٹوکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ انگلینڈ نے ہدف 2وکٹوں پرپورا کرلیا۔ اوپنرز ناکام رہے ‘ جیسن رائے اور الیکس ہیلز نے انگلش ٹیم کو 6رنز کاآغا زفراہم کیا ۔جیسن رائے صرف ایک سکور بناکر کیچ تھما بیٹھے ۔ الیکس ہیلز اور جو روٹ نے اننگز کو سنبھالا اور سکور 165رنز تک پہنچا دیا ۔ الیکس ہیلز 95رنز بناکر کیچ آﺅٹ ہو گئے ۔جوروٹ اور کپتان این مورگن نے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کردیا ۔ انگلش ٹیم نے ہدف 47.2اوورز میں 2وکٹوں پر پور ا کرکے میچ جیت لیا۔ جو روٹ133جبکہ مورگن75رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ مشرفی مرتضیٰ اور صابر رحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ جو روٹ کو شاندار سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ ایونٹ کا دوسرا میچ آج آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔میچ پاکستان وقت کے مطابق دن اڑھائی بجے کھیلا جائے گا۔ آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ مکمل فٹ ہوں‘ٹورنا منٹ جیت کر قوم کو تحفہ دینگے ۔نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل نے کہا کہ ٹورنا منٹ دوسری بار جیتنے کی کوشش کرینگے ۔

ای پیپر دی نیشن