لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر )آل راﺅنڈرعبد الرزاق نے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر پلیئر کو ریٹائر ہونا ہوتا ہے اور میرے خیال سے میرے لیے یہ وقت بہتر ہے، گزشتہ تین چار سال سے کرکٹ نہیں کھیل رہا، اس لیے اب میرا کم بیک کرنا بہت مشکل ہے۔ فیصلہ اس وجہ سے بھی کیا ہے کہ میرے ساتھی پلیئرز شاہد آفریدی، مصباح الحق، یونس خان، محمد یوسف اور دیگر تمام پلیئرز ریٹائر ہو چکے ہیں، یہ اعلان بھی رسمی ہے، حقیقت یہ ہے کہ میرا انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ اندرونی سیاست سے اس قدر بددل ہو چکا تھا کہ ٹیم سے اخراج کے بعد دوبارہ محنت ہی نہیں کی، اگر کوشش کرتا تو ٹیم میں شامل ہو سکتا تھا۔ ہر پلیئر کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ خوشگوار یادوں کے ساتھ رخصت ہو، اگر پی سی بی سمجھتا ہے کہ مجھے الوداعی میچ دینا چاہیئے تو مجھے کھیل کر خوشی ہو گی۔