مردم شماری کے نتائج کی حتمی رپورٹ کیلئے ایک سال درکار ہے: چیف شماریات

Jun 02, 2017

اسلام آباد(صباح نیوز)چیف ادارہ شماریات آصف باجوہ نے کہا ہے کہ دتہ خیل کے 113، مہمند ایجنسی کے 7 بلاکس میں سیکیورٹی اور گلگت بلتستان کے 40 بلاکس میں برفباری کی وجہ سے مردم شماری نہیں ہوسکی۔ ابتدائی نتائج کی سمری جولائی میں مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کی جائیگی۔اسلام آباد میں نیوز بریفنگ کے دوران آصف باجوہ نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں 88 اضلاع میں مردم شماری کا عمل مکمل اور مردم شماری کا سامان اسلام آباد منتقل ہو چکا ہے جبکہ بلوچستان کے 19 اضلاع میں مردم شماری ہوچکی، صرف سامان آنے سے رہ گیا ہے۔آصف باجوہ نے بتایا کہ ڈیٹا پراسیسنگ کے عمل کی شفافیت کی مانیٹرنگ کیلئے خیبر پی کے، پنجاب اور سندھ نے اپنی ٹیمیں نامزد کر دی ہیں جبکہ بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی جانب سے ابھی ٹیمیں نامزد نہیں کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ مردم شماری سے رہ جانیوالے دتہ خیل کے 113 اور مہمند ایجنسی کے 7 بلاکس میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہونے جبکہ گلگت بلتستان کے 40 بلاکس میں جولائی میں مردم شماری کروائی جائیگی۔ چیف شماریات نے بتایا کہ مردم شماری کے نتائج کی حتمی رپورٹ آنے میں ایک سال کا عرصہ درکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا سے 70 لاکھ شناختی کارڈز کی تصدیق کروائی گئی ہے، مردم شماری میں کوئی گلی یا محلہ نہیں چھوڑا گیا تاہم ابھی بھی موصول ہونیوالی اکا دکا شکایات کا ازالہ کیا جارہا ہے۔

مزیدخبریں