فلپائن میں کسینو کے اندر فائرنگ سے 36افراد ہلاک، درجنوں زخمی

 فلپائن کے دارالحکومت منیلاکے معروف ہوٹل کمپلیکس میں واقع کسینو میں نامعلوم شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 36 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں ائیر پورٹ کے قریب واقع ورلڈ منیلا ریزورٹ کمپلیکس میں ایک شخص نے خودکار اسلحے سے فائرنگ کردی۔ کسینو سے اب تک 36لاشیں بر آمد کی جا چکی ہیں جبکہ درجنوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والے زیادہ تر افراد دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوئے، فائرنگ کے دوران ہوٹل میں بھگدڑ مچ گئی جس کی زد میں آکر درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔منیلا پولیس چیف رونالڈ ڈیلا روساکا کہنا ہے کہ حملہ آور دھوئیں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگیا تھا تاہم اس کی لاش ہوٹل ہی کے ایک کمرے سے برآمد ہوگئی ہے.حملہ آور کی سوختہ لاش ایک کمبل میں لپٹی ہوئی تھی.انہوں نے کہا کہ قیاس کیا جارہا ہے کہ حملہ آور نے خود کو کمبل سے لپیٹ کر آگ لگادی اور اسی سے اس کی موت ہوگئی۔واقعے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی ہے.پولیس چیف ڈیلا روسا نے اسے دہشت گردی کا واقعہ نہیں بلکہ لوٹ مار کی ناکام کوشش قرار دی ہے.انہوں نے کہا کہ نامعلوم شخص کسی کو مارنا نہیں چاہتا تھا بلکہ صرف گیمبلنگ چپس چرانا چاہتا تھا.لہذا یہ دہشت گردی کا واقعہ نہیں تھا کیونکہ جائے حادثہ پر تشدد یا دھکمانے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائرنگ کرنے والا شخص گیمبلنگ روم میں اکیلا آیا اور ٹیلی ویژن اسکرین پر فائرنگ کردی.بعد ازاں ایک میز پر پیٹرول چھڑکا اور آگ لگادی جس کے باعث کمرے میں دھواں بھرگیا .کمرے میں تقریبا 113ملین کے چپس رکھے ہوئے تھے جنہیں ملزم چرانا چاہتا تھا۔

ای پیپر دی نیشن