لندن(این این آئی)برطانوی مسلمانوں کی تنظیم نے حکمران کنزرویٹو پارٹی میں مذہبی انتہا پسند اور نسلی تعصب رکھنے والوں کے خلاف انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم کی جانب سے انکوائری کا مطالبہ وزیراعظم ٹریسا مے سے کیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں مسلمانوں کی سب سے بڑی تنظیم کا نام مسلم کونسل آف برٹن ہے، اس کے سیکرٹری جنرل ہارون خان نے حکمران کنزرویٹو پارٹی میں سرایت کر جانے والے مذہبی انتہا پسند اور نسلی تعصب رکھنے والے عناصر کے خلاف آزادانہ انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ خان نے یہ مطالبہ برطانوی وزیراعظم ٹریسامے کے نام ایک خط میں کیا ہے۔ہارون خان نے اپنے خط میں کنزرویٹو پارٹی سے تعلق رکھنے والے انتخابی امیدواروں کے بیانات اور ٹویٹس کی بنیاد پر یہ مطالبہ کیا ۔مسلم کونسل نے ایسے افراد کے خلاف ماضی میں روا رکھی گئی سرگرمیوں کے حوالے سے کوئی تادیبی اقدام نہ کرنے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ اس ملک کی جمہوریت تقاضا کرتی ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے دائرے میں منقسم کرنے والے کلچر کو کسی صورت فروغ نہیں دینا چاہیے اور اقلیتوں کو ہر صورت میں قربانی کا بکرا بنانے سے بھی گریز ضروری ہے۔ ہارون خان نے اپنے خط کے ہمراہ مذہبی انتہا پسند اور نسلی امتیاز کے اپریل اور مئی میں رونما ہونے والے واقعات و بیانات کی تفصیلات بھی تحریر کی ہیں۔
برطانوی حکمران جماعت میں انتہاپسندی، نسلی امتیاز کی انکوائری کرائی جائے : مسلم تنظیم کا مطالبہ
Jun 02, 2018