اسلام آباد (آئی این پی) چین کے سفیر یائوجنگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین صرف ہمسائے اور قریبی دوست نہیں بلکہ دو قدیم تہذیبیں ہیں جن کے ثقافتی تبادلوں اور ذہنی ہم آہنگی کے ساتھ قریبی تعلقات قائم ہیں،ثقافتی سرگرمیاں تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا ذریعہ ہیں، دونوں ممالک کی قومی ریڈیو ،فلم،اور ٹیلی ویژن کے اداروں میںباہمی تعاون کو مضبوط کرنے کی سخت ضرورت ہے،چین پاکستان کے ساتھ اس شعبے میں مزید تعاون کیلئے اقدامات کرے گا۔گذشتہ روز چین کے سفیر نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان اور چین صرف ہمسائے اور قریبی دوست نہیں بلکہ دو قدیم تہذیبیں ہیں جن کے ثقافتی تبادلوں اور ذہنی ہم آہنگی کے ساتھ قریبی تعلقات قائم ہیں۔1951 سے سفارتی تعلقات کے قیام سے دونوں ممالک نے ثقافتی تبادلوں اور تعاون کے فروغ کیلئے بھرپور کوششیں کی ہیں ۔پاکستان او ر چین کے درمیان مارچ 1965 میں ثقافتی تعاون کا معاہدہ طے پایا ۔یائو نے کہا کہ فروری 2018 میں وزیر مملکت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے چین کے سرکاری دورے پر چین کی ثقافت اور سیاحت کے وزیر لو شگھا نگ کے ساتھ 2018-2022 کے ثقافتی معاہدے پر دستخط کیے جس میں آئندہ 5 سالوں کیلئے پاکستان اورچین کے مابین ثقافتی تبادلوں اور تعاون کیلئے لائحہ عمل طے پایا ۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں چائنہ پاکستان معاشی راہداری ثقافتی کا روان پر عمل درآمد وزارت اطلاعات پاکستان کے تعاون سے کیا گیا ۔چین اور پاکستان کے فنکاروں نے قدیم شاہراہ ریشم اور سی پیک کے مقامات پر ثقافتی سرگرمیوں کا مظاہرہ کیا جس نے چین اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط کیا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو تقویت دی۔ پاکستان اور چین گہرے رابطوں اور تعاون کو برقرار رکھنے اور اس شعبے میں تبادلوں اور تعاون کو بڑھانے کیلئے سرگرم ہیں۔ دونوں ممالک میں فلمی صنعت عروج پر جا رہی ہے۔ دونوں ممالک کے مشترکہ فلم اور ٹیلی وژن پروگراموں کیلئے فلمی صنعتوں کو ترقی دینے کے اقدامات شامل ہیں۔