اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ)تنظیم شیعہ آئمہ مساجد پاکستان کی جانب سے ماہ صیام کے دوسرے جمعہ یوم دعاکے طورپرعقیدت واحترام کیساتھ منایاگیا، تمام اضلاع کی جامع مساجد میں دعائیہ اجتماعات منعقد ہوئے اور نماز جمعہ کے اجتماعات کے دوران علمائے کرام،خطباء اور واعظین و ذاکرین نے افواج پاکستان کے آپریشن ردالفساد کی کامیابی ، شہدائے دین ووطن اور ٹارگٹ کلنگ کانشانہ بننے والے تمام شہداء کی درجات کی بلندی کیلئے، ظلم و بربریت کے قلع قمع،عدل و انصاف کے قیام اور وطن کی سلامتی و استحکام کیلئے دعائیں مانگیں۔ خطبات حضرات اپنے خطابات میں دعاکی اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ دنیاکاہرمذہب دعاکی اہمیت وفضلیت کاقائل ہے طلب کامطلب ہی دعاہے۔ الکاظم میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیدتصورحسین نقوی القمی نے کہاکہ اسلام کو بام عروج پر پہنچانے اور پاکستان کی عزت وحرمت اور استحکام و مضبوطی کو یقینی بنانے کیلئے ہمیں آپس میں اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ کر کے عالمی کفر کو بتانا ہوگا کہ ہم سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں مگر دنیا کی کوئی طاقت ہم میں رخنہ نہیں ڈال سکتی۔انہوں نے کہاکہ جب احتجاج کے تمام راستے بندہوجائیں تو اہل ایمان کے لیے حق کے حصول ، تعمیر کردار اور ظالمین کیخلاف سب سے بہترین احتجاج اور وسیلہ دعا ہے۔انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ دعا ایٹم بم سے بھی بڑا کام کرتی ہے، اسی لیے مظلوم کی آہ سے بچنے کا کہا گیا ہے۔علامہ نقوی نے کہاکہ عوام اپنے دوست دشمن کو پہچانیں ، حکومت اور اپوزیشن اپنی ذات جماعت اور مفاد کو بالائے طاق رکھ کر قوم و ملک کیلئے سوچیں کیونکہ کالعدم گروپ اب بھی ملک کے گلی کوچوں میں دندناتے پھر رہے ہیں جو سر عام میڈیا پر مکاتب کا نام استعمال کرتے ہیںاور پاکستان سمیت مسلم ممالک کو مکاتب میں تقسیم کرنے کی گھنائونی بین الاقوامی سازش میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام قوتیں ذہن نشین رکھیں کہ پاکستان مکتبی اسٹیٹ نہیں بلکہ یہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے اور آئین کے تحت قرآن و سنت کی وہی تشریح قابل قبول ہو گی جو کسی مسلمہ مکتب کے نزدیک معتبر اور مستند ہو گی ۔
دہشتگرد کالعدم گروپوں کے عام انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عائدکی جائے، تنظیم شیعہ آئمہ مساجد
Jun 02, 2018