اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ اگرمستقبل میں کسی نے ووٹ کوعزت نہ دی تو اس کا شمار جمہوریت کے مخالفین میں ہو گا۔ الیکشن ملتوی کرانے کے خواہشمند جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں۔ جمعہ کو سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے پہلی بار احتساب عدالت پہنچے، احتساب عدالت آمد پر جاوید ہاشمی نے نواز شریف کا پرتپاک استقبال کیا، نواز شریف نے بھی گاڑی سے اتر کر ان کے ساتھ پرتپاک انداز میں معانقہ کیا جس کے بعد دونوں رہنما ایک ساتھ کمرہ عدالت میں چلے گئے۔ عدالت میں جانے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ جمہوری حکومت کے پانچ سال پورے ہونے پر آج کا دن بہت اہمیت کا حامل ہے اس لئے نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لئے احتساب عدالت آیا ہوں۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہر روز حکومت ختم ہونے کی پیش گوئیاں کی جارہی تھیں لیکن جمہوریت پسندوں نے میاں صاحب کے ساتھ مل کرعوام کی جنگ لڑی، نواز شریف ووٹ کی عزت کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
الیکشن ملتوی کرانے کے خواہشمند جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں: جاویدہاشمی
Jun 02, 2018